پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق انفرادی حیثیت میں کرانا ہوگی

سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ استعفوں کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو ایک ایک کرکے آنا ہوگا، اور اپنے استعفے کی تصدیق فرداًفرداً کرانا ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جتھے کی صورت میں آنے سے معاملات درست انداز میں نہیں ہوسکتے۔ پی ٹی آئی کے ارکان کو استعفوں کی منظوری کے لیے ایک ایک کر کے آنا ہوگا، استعفوں کے معاملے پر آئین اور قانون کے پابند ہیں۔ استعفے ارکان کے تحریرکردہ نہیں تھے۔ گزشتہ طلبی پر بھی پی ٹی آئی کے ارکان نہیں آئے۔ پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے استعفوں سے متعلق بات چیت کے لیے رابطہ کیا تھا۔ ان کو بتا دیا ہے کہ میں اسلام آباد پہنچ گیا ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ استعفوں کے بارے میں پالیسی بڑی واضح ہے،جو بھی آئینی معاملات ہیں انہیں اسی تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔ بنیادی آئینی طریقہ ہے کہ ہر ممبر استعفیٰ اپنے ہاتھ سے لکھے گا، یہ ضروری ہے کہ ارکان آئیں اور استعفیٰ دیں تو تصدیق کے لیے بھیجوں۔ میرے بلانے کا مقصد یہ پوچھنا تھا کہ کیا وہ خوشی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ارکان نہیں آئے تو میں سمجھا کہ استعفیٰ نہیں دینا چاہتے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں پرآئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی ہے،پی ٹی آئی کا وفد اس سلسلے میں کل اسپیکر سے ملاقات کرے گا،سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری سمیت دیگر آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
