پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی میاں جمشیدکورونا کے باعث انتقال کر گئے

پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی میاں جمشید الدین ایک ہفتے سے اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے اور تین روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ میاں جمشید الدین کاکا خیل 2018 کے انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 63 سے کامیاب ہوئے تھے اور وہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز بھی رہ چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اب تک 8 ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں خاتون رکن مدیحہ نثار، کامران بنگش، ڈاکٹر امجد علی، اسمبلی بہادر خان، ضیاء اللہ بنگش، شفیق آفریدی، عنایت اللہ، شامل ہیں جب کہ خیبر پختونخوا سے ارکان قومی اسمبلی میں این اے 41 ضلع باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان, این اے 50 جنوبی وزیرستان سے ایم این اے علی وزیر, این اے 6 لوئر دیر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے محبوب شاہ بھی کورونا وباء کے متاثر ہوچکے ہیں۔ این اے 45 ضلع کرم سے متحدہ مجلس عمل کے منیر اورکزئی انتقال کرگئے ہیں، ارکان اسمبلی کے ساتھ عوامی نمائندے بھی کورونا وائرس کے باعث بیمار ہوچکے ہیں جن میں بزرگ سیاستدان حاجی غلام احمد بلور، امیر مقام، میاں افتخار حسین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی انتقال کر گئے تھے جب کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی ف کے رہنما امتیاز قمر کا بھی گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوا ہے۔ گزشتہ روز ہی سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
