پی ٹی آئی کا بروقت الیکشن کیلئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے 90 روز میں الیکشن کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 90 روز میں انتخابات کروانے کے لیے آئین بہت واضح ہے۔ 10 روز پہلے نئی مردم شماری کا نوٹیفیکیشن ہوتا ہے جبکہ سات روز پہلے قومی اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو آئین کے تحت 90 دن کی واضح قدغن ہے بصورت دیگر وہ غیر آئینی قدم ہو گا۔
شاہ محمود نے کہا تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں 90 دن سے زیادہ تاخیر کو سپریم کورٹ میں چیلینج کرنے جا رہے ہیں اور ہماری قانونی ٹیم اس پر پٹیشن تیار کر رہی ہے، مردم شماری سے متعلق سی سی آئی کے فیصلوں کو چیلینج کیا جائے گا۔ سینیٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے جو اپنی تکمیل کے قریب ہے۔
وائس چیئرمین کے مطابق کور کمیٹی کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، عمران خان ہمارے چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ان کا متبادل کوئی ہو ہی نہیں سکتا ان کے ویژن پر سب جڑے ہوئے ہیں۔ جب تک عمران خان رہا نہیں ہوتے کور کمیٹی ان کی امانت میں خیانت نہیں ہونے دے گی۔
