چاول کی بمپر پیداوار سے ریکارڈ توڑ برآمد متوقع

ملک میں رواں سال چاول کی تقریباً 90 لاکھ ٹن کی بمپر پیداوار ہوئی ہے جس سے اس کی تاریخی برآمد کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق سید فخرامام نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رواں سال برآمدات کے لیے چاول کی 80 لاکھ 30 ہزار ٹن کی مقدار موجود ہے جس کی مالیت 4 ارب 85 کروڑ ڈالر ہے۔

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق نے کہا کہ چونکہ اب ترسیلات میں رکاوٹیں کم ہوگئی ہیں تو پاکستان کو 80 لاکھ 30 ہزار ٹن چاول برآمد کرنے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھاتے ہوئے 4 ارب 85 کروڑ ڈالر کمانے چاہئیں ۔

گزشتہ سال پاکستان میں 84 لاکھ 10 ہزار ٹن چاول پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال نومبر تک ملک میں چاول کی کھپت 31 لاکھ ٹن رہی جبکہ 33 لاکھ 40 ہزار ٹن چاول برآمد کیے گئے۔

پاکستان فی الحال چین، کینیا، متحدہ عرب امارات، افغانستان اور سعودی عرب سمیت 5 ممالک کو چاول برآمد کر رہا ہے ، متعدد ممالک ہیں جہاں برآمدات کے اچھے مواقع موجود ہیں۔

Back to top button