’’چاہت فتح علی خان کے ورلڈکپ کیلئے ترانے کی ویڈیو وائرل‘‘

خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان کے کرکٹ ورلڈکپ کے لیے نئے ترانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، ترانے کی ویڈٰیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔چاہت فتح علی خان (جن کا اصل نام کاشف رانا ہے) گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر مقبول ہیں، انہیں ماضی کے شاہکار گانوں کو بے ڈھنگے انداز میں گانے کی وجہ سے شہرت حاصل ہے، چاہت فتح علی خان عام طور پر دوسرے گلوکاروں کی جانب سے گائے گانوں کو مزاحیہ انداز میں گاکر شائقین کو محظوظ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور یوٹیوب پر ترانے کی ویڈیو جاری کی گئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ خود ترانہ گنگنا رہے ہیں اور رقص بھی کر رہے ہیں، ’’جیتیں گے بھئی جیتیں گے‘‘ کے عنوان سے جاری ترانہ ملک بھر میں مقبول ہو رہا ہے جسے ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔سوشل میڈیا صارف فیضان نے لکھا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ ترانہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا مورال بلند کرے گا۔مسکان نامی صارف نے اس گانے کو آفیشل ورلڈکپ ترانے سے بہتر قرار دے دیا۔ یہی نہیں بلکہ پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر نے بھی چاہت فتح علی خان کے گانے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کی۔انہوں نے لکھا کہ ’یہ نہیں ہو سکتا، انہوں نے میرے مصروف شیڈول کا فائدہ اٹھایا، یہ اچھی بات نہیں ہے، ان کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا، علی ظفر نے مزید لکھا کہ وہ اپنی پرفارمنس سے فارغ ہوکر اسٹوڈیو جائیں گے جہاں وہ خود کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے لیے ترانہ تیار کریں گے۔’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن لوگوں کو یہ گانا پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید بھی کی گئی۔ایک صارف مسکان نے چاہت فتح علی خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ ترانہ ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے سے بہت بہتر ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’اب تو ہم جیتیں گے ہی‘ ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دے ڈالا کہ چاہت فتح علی خان کو کرکٹ شوز میں بطور ایکسپرٹ مدعو کیا جانا چاہیے۔ایک صارف نے چاہت فتح علی خان کے ترانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ چاہت فتح علی خان نے جب بھی کرکٹ کا ترانہ گایا ہے تب، تب پاکستانی ٹیم کی جیت ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پچھلی بار چاہت فتح علی خان نے پی ایس ایل گانا گایا اور پاکستان پی ایس ایل جیت گیا تھا۔گوندل نامی صارف لکھتے ہیں کہ ہارنے والی ٹیم کو بطور سزا چاہت فتح علی خان کا گانا زبردستی سنوانا چاہئے، ایک صارف نے کہا کہ یہ گانے سے زیادہ پاکستانی ٹیم کا شیڈول لگ رہا ہے کہ کس ٹیم کے ساتھ پاکستان کا میچ کب کھیلا جائے گا، فہیم امتیاز لکھتے ہیں کہ اب ہمیں ورلڈ کپ جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان جن کا اصل نام کاشف رانا ہے، اپنے منفرد انداز میں گانے کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں، گزشتہ سال چاہت فتح علی خان سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے، ان کے ایک تفریحی گانے کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا، چاہت فتح علی خان نے پاکستان سپر لیگ کے لیے بھی ایک گانا گایا۔
