بلاول بھٹو زرداری کرونا میں مبتلا ہو گئے

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے معمولی علامات ہیں جس پر میں نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ میں گھر سے کام کا سلسلہ جاری رکھوں گا اور پی پی پی کے یوم تاسیس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کروں گا۔ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لوگوں کو ماسک پہننے کی تلقین بھی کی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی آرہی ہے جبکہ اس وائرس سے سیاستدانوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد متاثر ہورہے ہیں۔گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔16 نومبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔اس سے قبل کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف اور متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما فاروق ستار شامل تھے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین وائرس کا شکار ہوئے تھے اور ایک روز قبل ہی انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔اس سے پہلے گزشتہ ماہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ان کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سعید غنی، یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری، راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ وائرس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جو معروف شخصیات وائرس کا شکار ہوئے، ان میں اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، شہریار آفریدی، فرخ حبیب، صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، نہال ہاشمی، ایاز صادق، احسن اقبال، کیپٹن (ر) اور دیگر وائرس کا شکار ہوئے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما فقیر جادم منگریو کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button