چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منطور

سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے خلاف مقدمے کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بینچ 15 ستمبر بدھ کو سماعت کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کو ایڈوکیٹ علی عظیم آفریدی نے چیلنج کر رکھا ہے۔ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بڑی جماعت کے عدم اعتماد کے بعد چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوجائیں، الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈکوارٹر بن گیا ہے، الیکشن کمیشن کیخلاف جوڈیشل کمیشن کے پاس بھی جا سکتے ہیں، پی ٹی آئی اپنے منشور کے تحت انتخابات میں ٹیکنالوجی لانا چاہتی ہے لیکن الیکشن کمیشن کی منطق عجیب وغریب ہے۔

انہوں نے وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت کے عدم اعتماد کے بعد چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوجائیں، چیف الیکشن کمشنر کو چاہیے کہ وہ اپنے عہدے سے الگ ہوجائیں، الیکشن کمیشن کے خلاف جوڈیشل کمیشن کے پاس بھی جاسکتے ہیں، 2013 کے الیکشن کےبعد عمران خان نے کہا 4 حلقوں کو کھولیں، شاہد خاقان عباسی اینڈ کمپنی معاملے کو متنازع بنا رہے ہیں۔

جبکہ وفاقی وزرا نے بھی چیف الیکشن کمشنر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں اپوزیشن کا آلہ کار قرار دیا۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر اور الیکشن کمیشن حکام میں تلخ کلامی ہوگئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اعظم سواتی نے اجلاس میں کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنارہا ہے، الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

ایسے اداروں کو آگ لگا دیں ۔ آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہئیے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کرواتا رہا ہے۔ جس کے بعد چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے وفاقی وزیر اعظم سواتی کے الزامات کا نوٹس لے لیا، چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے اور پیسے لینے کے الزامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا، چیف الیکشن کمشنر نے کاروائی کیلئے قانونی آپشنز پر غور کیلئے سوموار کو اجلاس طلب کیا تھا۔

Back to top button