چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔کور کمیٹی اجلاس اعلامیے کے مطابق آزاد عدلیہ کے تصور کو یقینی بنانے کےلیے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے اندازِ فیصلہ سازی کا نوٹس لیں اور آرٹیکل 10-اے کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی کے فیئر ٹرائل کے بنیادی حق کا تحفظ کریں۔
کور کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ خود کو مقدمے کی سماعت سے فوری الگ کریں۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانون و انصاف کو محض ایک مذاق بنادیا ہے اور انصاف میں تاخیر انصاف کے قتل کے مترادف ہے اور معاملہ التوا میں ڈالنے کا واحد مقصد چیئرمین پی ٹی آئی سے انتقام و تشدد کے سلسلے کا دوام ہے۔
کور کمیٹی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے بارے میں مزید کہا کہ انہیں فراہمی انصاف کی حساس ترین ذمہ داری نہیں سونپی جاسکتی۔
