چین دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا: صدر شی جن پنگ

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 25ویں اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پیر کے روز بلٹ ٹرین کے ذریعے تیانجن سے بیجنگ پہنچے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

بیجنگ میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی حمایت پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، اور امید ظاہر کی کہ پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کے لیے چین کو قیادت کی دعوت دی۔

ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین کی قیادت میں جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کا آغاز کیا جائے، تاکہ ان کے مثبت نتائج جلد حاصل کیے جا سکیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی دہشتگردی کو بھی بے نقاب کیا تھا۔

Back to top button