چیچک کی کزن کہلانے والی منکی پاکس بیماری کیا ہے؟

دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی منکی پوکس نامی بیماری نئی نہیں ہے کیونکہ اس کا پہلا کیس 52 سال پہلے 1970 میں افریقی ملک کانگو میں سامنے آیا تھا، چیچک کی کزن کہلانے والی منکی پوکس کے مریض کو ابتدائی علامات میں نزلہ، بخار، سر درد، سانس لینے میں دشواری اور پیپ والے چھالے ہوتے ہیں، اس بیماری کی علامات چار ہفتوں تک برقرار رہتی ہیں، جبکہ جلد کے زخم 14 سے 21 دنوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
منکی پوکس چونکہ وائرل مرض ہے اس لیے اس کی انسانوں میں منتقلی زیادہ تر سانس کے ذریعے ہوتی ہے۔
امریکی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پوکس کا کوئی علاج نہیں، تاہم چیچک کی روک تھام کرنیوالی ویکسین کا اس مرض کے لیے استعمال عام ہے۔ امریکی سائنسی جریدے کے مطابق منکی پوکس کے وبائی صورت اختیار کرنے کا کوئی امکان نہیں جیسا کہ کوویڈ کے معاملے میں ہوا۔ تاہم منکی پوکس شدید بیماری کا سبب بن سکتا ہے، منکی پاکس کو چیچک کا کزن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بیماری اس سے ملتی جلتی ہے، منکی پاکس وائرس ”آرتھو پاکس وائرس“ سے تعلق رکھتا ہے، وائرس کے اس خاندان میں چیچک، ویکسینیا اور کاؤپاکس نامی وائرس شامل ہیں۔
منکی پوکس کی تشخیصی جانچ فی الحال صرف امریکا اور عالمی سطح پر لیبارٹری رسپانس نیٹ ورک کی لیبز میں دستیاب ہے، امریکا میں منکی پوکس کے پہلے رپورٹ ہونے والے کیس 2003 میں ٹیکساس میں گھانا سے لائے گئے جانوروں سے منسلک تھے۔ منکی پاکس کا چیچک سے گہرا تعلق ہے، اس لیے چیچک کی ویکسین دونوں وائرس سے انفیکشن سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔ تاہم 1972 میں امریکی آبادی کے لیے چیچک کے خلاف معمول کی ویکسین دینا بند کر دی گئی تھی، اس وجہ سے، منکی پوکس ان لوگوں میں تیزی سے ظاہر ہو رہا ہے جن کو ویکسین نہیں دی گئی تھی، منکی پوکس کا وائرس کسی متاثرہ شخص یا جانور یا آلودہ سطحوں سے رابطے کے ذریعے منتقل کیا جا سکتا ہے، عام طور پر، وائرس پھٹی جلد، سانس کے ذریعے یا آنکھوں، ناک یا منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے۔
حکام کو خدشہ ہے کہ وائرس فی الحال کمیونٹی ٹرانسمیشن کے ذریعے، ممکنہ طور پر کسی نئے راستے سے پھیل رہا ہے، انفیکشن کہاں اور کیسے ہو رہے ہیں، اس بارے ابھی تحقیق جاری ہے، وائرس کے جسم میں داخل ہونے کے بعد،اس کی نقل بننا شروع ہوجاتی ہے اور خون کے ذریعے جسم میں پھیلتی ہے۔۔
اسکی علامات عام طور پر انفیکشن کے بعد ایک سے دو ہفتوں تک ظاہر نہیں ہوتیں، اس بیماری میں انسانی جلد پر چیچک جیسے زخم پیدا ہوتے ہیں، اس بیماری میں فلو جیسی علامات ابتدائی طور پر عام ہیں، اسکے علاوہ بخار اور سر درد کے ساتھ سانس لینے میں دشواری محسوس ہوتی ہے۔ منکی پوکس کا انفیکشن ہونے کے ایک سے 10 دن کے اندر سر یا دھڑ پر خارش ظاہر ہوتی ہے جو آخرکار پیپ سے بھرے چھالوں میں بدل جاتی ہے۔
