انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 3.11 کی کمی سے 233.90 روپے ہوگئی
مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹراسحاق ڈار کی وزیر خزانہ کی حیثیت سے تقرری کی خبر نے ڈالر کی کمر توڑ دی ہے۔
منگل کے روز ڈالر کے انٹربینک ریٹ 234 روپے سے نیچے آگئے۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3.11 روپے کی کمی سے 233.90 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 3.50 روپے کی کمی سے 234 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی ڈیمانڈ بھی رک گئی ہے جبکہ بینکوں کی سخت مانیٹرنگ اور غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی روپیہ کے استحکام کا باعث بن رہا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی بینک سے دو ارب ڈالر کا فنڈ ملنے کی توقع اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے تناظر میں بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں موخر کرنے کی حکومتی کوششوں سے بھی ڈالر کی مسلسل اڑان رکنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
