ڈاکٹر عدنان آگاہ کریں، قوم نواز شریف کے پلیٹلیٹس بارے جاننا چاہتی ہے

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر زور دیا ہے کہ وہ پلیٹلیٹس کی تازہ رپورٹ پیش کریں کیونکہ اصل مرض کا پتہ چلانا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘ہم تو پلیٹلیٹس جاننا چاہتے تھے، ہمیں پہلے سے پتہ تھا کہ وہ دل کے مریض ہیں، دل کے مریض کا بائی پاس ہوتا ہے تو ظاہر ہے فالواپ ہوتا رہتا ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘قوم کو ان کے پلیٹلیٹس کی موجودہ تعداد جاننا چاہتی ہے، آج پریس کانفرنس میں پلیٹلیٹس پر روشنی ڈال دیتے تو ابہام دور ہوجاتا ہے، یہاں تو پلیٹلیٹس کا اتار چڑھاؤ ہورہا تھا’۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘اصل معلومات تو پلیٹلیٹس کی درکار ہیں تو ڈاکٹر عدنان سے میری گزارش ہے کہ وہ برطانیہ میں موجود ہیں وہاں جدید ترین لیبارٹری سے پلیٹلیٹس کی تازہ ترین جائزہ لے کر قوم کے سامنے پیش کردیں تاکہ پتہ چل سکے کہ ہماری میڈیکل لیبارٹریز تشخیص کرنے میں کہاں ناکام رہی ہیں اور اصل مرض کا پتہ چلانا سب سے ضروری ہے’۔
گندم کے بحران کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘کمیٹی بنی ہے اور اس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ حقائق کو جانے اور اس کا جائزہ لے اور فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اپنی ذمہ داری ادا کرے جونہی اس کی حتمی رپورٹ سامنے آتے تو آگاہ کردیا جائے گا’۔ وزیراعظم کے دورہ کراچی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کا استقبال سیاسی پختگی اور استحکام کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کے ساتھ جڑے پاکستان کی خوش حالی کے خواب کی تکمیل کے لیے دن رات کوشاں ہیں، کاروباری افراد کا وزیراعظم پر اعتماد ہمارے ملک کی معیشت کے درست سمت پر گامزن ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘وزیراعلیٰ سندھ سے جوملاقات ہوئی ہے اس میں کراچی کے مختلف منصوبوں کے لیے وزیراعظم کے 162 ارب کے پیکیج اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بات ہوئی ہے’۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار اور غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کو کرپشن سے پاک کرنا ہے، سندھ کے اندر ہمارے ادارے فعال ہوں گے، کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لیے سندھ حکومت بھی اپنے اداروں میں اس وژن کو نافذ کرکے کرپشن فری ماحول بناسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button