ڈی آئی خان الیکشن ، علی امین گنڈا پور کی مخالفین کو دھمکیاں
ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو شکست کا خوف ۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور حواس باختہ ہوگئے بلدیاتی الیکشن میں چھوٹے بھائی کی حمایت میں مخالفین کو سرعام دھمکیاں دینے لگے۔مخالفین کے کام اور فنڈز تو چھوڑ دیں اگر یہ لوگ بلدیات کے دفتر میں داخل ہو گئے تو میری مونچھیں منڈوا دیں۔
وفاقی وزیر نے الیکشن کمپین کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن بلدیات کا ہے،بلدیات کا منسٹر کون ہے فیصل امین گنڈاپور میرا بھائی،فنڈز کس نے دینے ہیں، بلدیات کی منسٹری اور حکومت نے، بلدیات کی منسٹری فیصل امین گنڈاپور کے پاس ہے اور حکومت کس کی ہے پی ٹی آئی (تحریک انصاف) کی ہے۔
جو دشمنوں کے ساتھ ملکر میرے بھائی کے خلاف ووٹ مانگ رہا ہےوہ یہ سوچ لیں اگر وہ جیت بھی گئے کسی ویلج کونسل کی سیٹ پر ایک دو بندے ہیں۔ جنہوں نےمیرے بھائی کے خلاف ووٹ مانگ کر یہ کام کیا تو وہ یاد رکھیں کہ اُن مخالفین کے کام اور فنڈز تو چھوڑ دیں اگر یہ لوگ بلدیات کے دفتر میں داخل ہو گئے تو میری مونچھیں منڈوا دیں۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 133 جیسا الیکشن پہلے کبھی نہیں دیکھا
ڈیرہ اسماعیل خان میں 19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور و صوبائی وزیر بلدیات فیصل امین گنڈاپور کے چھوٹے بھائی عمرامین گنڈاپورتحصیل میئر کی نشت پر الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، جمعیت علماء اسلام (مولانا فضل الرحمن) کے کفیل احمد نظامی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک ریحان ایڈووکیٹ ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ان بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔
