ڈی ایس پی حاجی امان اللہ ایک بہادر اور مثالی افسر تھے

وزیراعظم عمران خان نے حکام کو کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی فوری رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اور مسجد امام سمیت 15 افراد شہید ہوگئے تھے۔
ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ میں نے کوئٹہ کی مسجد اور وہاں موجود نمازیوں پر کیے گئے قابلِ مذمت اور بزدلانہ حملے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے‘۔
میں نے کوئٹہ کی مسجد میں بارگاہِ الہٰی میں سجدہ ریز نمازیوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔اسکے ساتھ میں نے صوبائی حکومت کوزخمیوں کاعلاج معالجہ یقینی بنانےکی بھی ہدایات دی ہیں۔ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی حاجی امان اللہ ایک جری اور مثالی افسر تھے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 11, 2020
وزیراعظم نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ انہوں نے بلوچستان کی حکومت کو دھماکے کے تمام زخمیوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ’ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی حاجی امان اللہ ایک بہادر اور مثالی افسر تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد و مدرسہ میں دھماکے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اور مسجد امام سمیت 15 افراد شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے تھے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے میڈیا سے گفتگو میں دھماکے میں 15 افراد کے جاں بحق اور 19 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘مدرسے میں دھماکہ خودکش ہوسکتا ہے جبکہ دہشت گردوں نے مسجد کو آسان ہدف سمجھا۔’
دھماکے کے زخمی اور شہید ہونے والے افراد کو کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔
FC Bln troops reached Qta blast site. Area cordoned off. Joint search operation with police in progress.Injured being evacuated to hosp.
“Every possible assistance be given to police & civil administration. Those who targeted innocents in a mosque can never be true Muslim”, COAS.— DG ISPR (@OfficialDGISPR) January 10, 2020
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد میں معصوم افراد کو قتل کرنے والے کسی صورت حقیقی مسلمان نہیں ہو سکتے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے دستے کوئٹہ میں دھماکے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، علاقے کو سیل کردیا گیا ہے اور پولیس کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف نے ہدایت کی ہے کہ سول انتظامیہ اور پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
