کابل میں مسجد کے باہر دھماکہ ، دو افراد ہلاک

طالبان کی حکومت کے زیر انتظام افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسجد کے باہر خوفناک دھماکہ سنا گیا ہے جس کے دوران دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
طالبان کے ترجمان کا کہنا کہ بم سے مسجد کے دروازے کو نشانہ بنایا گیا جس کے دوران بھاری جانی نقصان ہونے کا خدشہ ہے ۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ کابل کی عیدگاہ جامع مسجد کے دروازے کے قریب دھماکا ہوا ۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کا تعزیتی اجلاس منعقد ہو رہا تھا۔
تاحال کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم طالبان کے قبضے کے بعد داعش کی جانب سے حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد چار زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
میڈیا نمائندگان نے شہر میں دھماکے اور فائرنگ کی آواز سننے اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے کابل کے ایمرجنسی ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھنے کی تصدیق کی۔
