کترینہ اور وکی نے اپنی شادی سے 80 کروڑ کما لیے

بالی ووڈ ڈول کہلانے والی کترینہ کیف اور ان کے ہونے والے شوہر وکی کوشل نے راجستھان کے ایک تاریخی قلعے میں ہونے والی اپنی شادی کے نشریاتی حقوق 80 کروڑ روپے میں بیچ دیے۔ یوں میاں بیوی کی چاندی ہوگئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں نے اپنی شادی کے نشریاتی و تشہیری حقوق کی بولی لگوانے کے بعد ایک سٹریمنگ ویب سائٹ کو 80 کروڑ میں فروخت کر دیئے۔
جوڑے نے اپنی شادی کے نشریاتی حقوق فروخت کرنے سے قبل اپنے تمام مہمانوں سے بھی تحریری قسم نامہ لکھوایا کہ وہ ان کی شادی میں شرکت کرتے وقت کسی طرح کی ویڈیوز و تصاویر نہیں بنائیں گے۔ اس سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ دونوں نے اپنی شادی پر مدعو کیے جانے والے مہمانوں کو موبائل ساتھ لانے سے منع کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے شادی کے حقوق ’ایمازون پرائم‘ کو بھارتی 80 کروڑ روپے میں فروخت کیے ہیں جو پاکستانی روپوں میں ایک ارب سے زیادہ بنتے ہیں۔ اس معاہدے کے بعد صرف ایمازون پرائم اسٹریمنگ ویب سائٹ ہی کترینہ کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو نشر اور فروخت کرسکے گا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے میڈیا کو اپنی شادی کے فنکشن سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور شاید وہ چاہتے ہیں کہ اس ایونٹ کی کوریج صرف ان کی حد تک محدود رہے۔ تاہم اب یہ کہانی کھلی ہے کہ کترینہ اور وکی نے اپنی شادی کا فنکشن بھی بھاری رقم کے عوض بیچ ڈالا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق باکی ووڈ جوڑے کو ایک اور اسٹریمنگ ویب سائٹ نے شادی کے نشریاتی حقوق دینے کے لیے ایک 100 کروڑ روپے کی پیش کش کی تھی تاہم تب تک یہ ڈیل 80 کروڑ روپے میں طے ہو چکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عمران صداقت اور امانت کے کسی معیار پر پورا اترتے ہیں؟
بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ شادی ہونے سے قبل ہی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دو بڑے برانڈز کے ساتھ معاہدے کر لیے تھے اور ساتھ ہی اپنا معاوضہ بھی ایک دم بڑھا دیا تھا۔ دونوں نے فٹ نیس اور لگژری برانڈ کے ساتھ معاہدے کیے ہیں، جن کے ساتھ وہ شادی کے فوری بعد کچھ اشتہارات میں کام کریں گے۔ دونوں اداکار شادی کے بعد 2022 کے آغاز میں برانڈز کے ساتھ کام کریں گے تاہم وہ اشتہارات میں پہلے سے کہیں زیادہ معاوضہ وصول کریں گے۔ یاد رہے کہ شادی سے قبل وکی کوشل ایک اشتہار کا معاوضہ ایک کروڑ جبکہ کترینہ کیف دو کروڑ روپے وصول کرتی تھیں مگر اب جوڑی کی صورت میں ایک اشتہار کا معاوضہ پانچ کروڑ روپے تک وصول کریں گے۔
کورٹ میرج کرنے کے بعد دونوں کی شادی کی تقریبات 7 دسمبر سے راجستھان کے ’سکس سینز ریزورٹ‘ میں جاری ہیں اور وہ اگلے چند گھنٹوں میں رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔ 38 سالہ کترینہ کیف مسلمان ہیں جب کہ 33 سالہ وکی کوشل ہندو ہیں لہٰذا دونوں نے بھارتی میرج ایکٹ کے تحت شادی سے پہلے کورٹ میرج کی تاکہ کوئی قانونی رکاوٹ نہ رہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے خود تاحال اپنی شادی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے یہ خیال کیا جاتا تھا کہ کترینہ کیف سلمان خان کے ساتھ شادی کریں گی جو کہ دو دھائیوں سے انکے دوست ہیں۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ سلمان خان شادی سے ایک روز پہلے ہی بیرون ملک پرواز کر جائیں گے۔
