کترینہ کیف اور وکی کوشل کی اگلے ہفتے شادی کا امکان

کئی ہفتوں کی افواہوں کے بعد اب بھارتی میڈیا یہ خبر دے رہا ہے کہ بالی ووڈ کی کیوٹ گرل کہلانے والی مشہور اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل اگلے ہفتے کورٹ میرج کر لیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ کورٹ میرج کرنے کے بعد دسمبر کے آغاز میں کترینہ اور وکی روایتی انداز میں شادی کریں گے۔
تاہم ابھی تک کترینہ کیف اور وکی کوشل، دونوں نے اپنی شادی کی خبر پر تبصرہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ بھارتی میڈیا گزشتہ دو ماہ سے دونوں اداکاروں کی شادی سے متعلق دعوے کر رہا ہے۔ لیکن اب بتایا جا رہا ہے کہ دونوں نومبر کے آخری ہفتے میں کورٹ میرج کر کے دسمبر کے پہلے ہفتے میں رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔ پچھلی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں سادگی سے ممبئی میں ہی شادی کریں گے، تاہم اب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں کورٹ میرج کے بعد ریاست راجستھان میں روایتی رسومات کے تحت شادی بھی رچائیں گے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کورٹ میرج کے بعد دونوں اپنے ماضی کے تعلقات بارے بتائیں گے اور شادی کا واضح اعلان کریں گے۔ بعد ازاں نئے شادی شدہ میاں بیوی راجستھان کے شہر جے پور میں اپنی شادی کی رسومات ادا کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے نے ابھی سے شوبز دنیا کی اہم شخصیات کو اپنی شادی میں شرکت کی دعوت دینا شروع کردی ہے۔
دوسری جانب کترینہ کیف کے بہترین دوست سمجھے جانے والے اداکار سلمان خان کی جانب سے بھی ان خبروں پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔ یاد رہے کہ دونوں کی دوستی پندرہ برس پرانی ہے اور ماضی میں یہ خیال بھی کیا جاتا تھا کہ سلمان خان اور کترینہ کیف جیون ساتھی بن جائیں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک کترینہ کیف نے سلمان خان، انکے بھائیوں ارباز خان، سہیل خان، والد سلیم خان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو شادی کی دعوت نہیں دی۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کے حوالے سے ’بولی وڈ ہنگامہ‘ نے بتایا کہ ان کی شادی میں موبائل فون لے کر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔کترینہ کیف اور وکی کوشل نے ایونٹ مینجمنٹ ایجنسی کو سختی سے ہدایت جاری کردی ہے کہ شادی میں شرکت کرنے والے مہمان دلہا دلہن کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہ کریں، اس ہدایت پر عملدرآمد کے لیے ایک سیکیورٹی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز نہ بنانے کی پابندی تمام مہمانوں پر لازم ہو گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں بھارتی میڈیا گزشتہ دو ماہ سے وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی سے متعلق دعوے کرتا آ رہا ہے، وہیں تاحال دونوں نے اپنی شادی کے حوالے سے چپ سادھ رکھی ہے۔
