کراچی دنیا کے 173 بدترین شہروں میں کیسے شامل ہوا؟

کراچی کو دنیا کے 173 بدترین شہروں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ دنیا بھر میں حالات زندگی کی درجہ بندی کے حوالے سے 173 بدترین شہروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں کراچی کو 168ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، کراچی کو دنیا کے صرف چار شہروں یعنی الجزائر، طرابلس، لاگوس اور دمشق سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔
برطانوی میگزین اکانومسٹ کی ریسرچ اینڈ اینیلسز ڈویژن یعنی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں 30 سے زیادہ عوامل کی بنیاد پر 173 شہروں میں حالات زندگی کی درجہ بندی کی ہے۔ آسٹریا کا دارالحکومت ویانا ایک بار پھر رہائش کے لیے دنیا کے بہترین شہر کے طور پر پہلے نمبر پر آیاا ہے۔ روسی دارالحکومت ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ 13 درجے نیچے آگئے ہیں، ویانا نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے بہترین شہر کا ٹائٹل چھین لیا ہے، جو اب پہلے سے 34 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، اس کی وجہ کرونا کے دوران شہر میں نقل و حرکت بارے سخت پابندیاں ہیں۔
کرونا کی وجہ سے ویانا اپنے عجائب گھر اور ریسٹورنٹس بند ہونے کے سبب 12ویں نمبر پر آ گیا تھا لیکن رواں سال ثقافتی اور سماجی زندگی دوبارہ بحال ہونے کے بعد اس نے اپنا مقام واپس حاصل کر لیا ہے، ویانا شہر کی نمایاں خصوصیت اس کا اچھا انفراسٹرکچر ہے۔ ویانا کے بعد ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کا نام آتا ہے، اس درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ ہے جبکہ اس کے بعد بالترتیب کینیڈا میں کیلگری، پھر وینکوور اور اس کے بعد سوئٹزرلینڈ میں جنیوا کے نام آتے ہیں۔
چھٹے نمبر پر جنیوا کے بعد جرمن شہر فرینکفرٹ آیا ہے، پھر کینیڈا کا شہر ٹورانٹو، اس کے بعد نیدرلینڈز کا شہر ایمسٹرڈم اور دسویں نمبر پر مشترکہ طور پر جاپان کے اوساکا اور آسٹریلیا کے میلبورن شہر کے نام ہیں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی اس فہرست میں دنیا کے ان شہروں کے نام بھی شامل ہیں جنہیں خراب تر معیار زندگی کے باعث سب سے کم قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے، ان میں سے سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہر شام کا دارالحکومت دمشق قرار پایا ہے، جس کے بعد نائجیریا کے شہر لاگوس کا نام آتا ہے، تیسرے نمبر پر لیبیا کا شہر طرابلس ہے، جس کے بعد الجزائر کا دارالحکومت ہے۔
پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی اپنے انتہائی غیر تسلی بخش معیار زندگی کی وجہ سے دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے۔ رواں سال اس فہرست میں سندھ کا دارالحکومت 37.5 انڈیکس اسکور کے ساتھ 173 شہروں میں 168 ویں نمبر پر رہا، کراچی کا ہیلتھ کیئر سکور 33.3 ہے، اس نے ثقافت اور ماحولیات کے لیے 35.2 سکور حاصل کیا، تعلیم کے لیے 66.7 اور انفراسٹرکچر میں 51.8 کا سکور حاصل کیا۔
بدترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پاپوا نیو گنی کا شہر پورٹ مورسبی، ساتویں نمبر پر بنگلہ دیش کا شہر ڈھاکہ، آٹھویں نمبر پر زمبابوے کا شہر ہرارے، نویں نمبر پر کمیرون کا شہر دوالا اور دسویں نمبر پر ایران کا دارالحکومت تہران ہے۔
