کراچی پر اگر سیاست ہی رہی تو پی پی اور پی ٹی آئی دونوں کو جوتے پڑیں گے

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہےکہ کراچی سے متعلق اگر بات صرف سیاست اور پریس کانفرنسز تک رہی تو پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی دونوں کو کراچی کے عوام سے جوتے پڑیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے معاملے پر فضول بحث شروع ہو چکی ہے لیکن یہ بات کوئی نہیں پوچھ رہا کہ کراچی میں کام کب شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مان لیتے ہیں سندھ حکومت کے 750 ارب ہیں لیکن کام کب شروع کر رہے بیں، کراچی انتظار کر رہا ہے، اگر بات صرف سیاست اور پریس کانفرنسز تک رہی توپیپلز پارٹی، پی ٹی آئی دونوں کو کراچی کےعوام سے جوتے پڑیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کو صرف باتیں کرکے ٹرک کی بتی کے پیچھے نہ لگایا جائے، ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے کہ کے فور کو وفاق کے حوالے کریں۔
ایک صحافی نے اسد عمر سے سوال کیا کہ کراچی میں جن منصوبوں کی بات ہو رہی ہے یہ تو پرانے ہیں، اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پرانے باتوں کی حد تک ہیں، پرانے ہیں تو کوئی ایک منصوبہ دکھاؤ کہاں ہے کے سی آر؟ کہاں ہے کے فور؟
انہوں نے مزید کہا کہ اب سیاسی بیان بازی اور ڈرامے بازی نہیں چلے گی، کراچی انتظار کر رہا ہے کہ کام شروع کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button