کرونا وائرس پاکستانی شوبز انڈسٹری پر حملہ آور ہو گیا

جان لیوا کرونا وائرس نے پاکستانی شوبز انڈسٹری پر حملہ آور ہوتے ہوئے صف اول کے کئی مرد و خواتین اداکاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے شوبز حلقوں میں تشویش پھیل گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اب تک پاکستانی شوبز اندسٹری سے تعلق رکھنے والے درجن بھر فنکار اس موذی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں روبینہ اشرف، ندایاسر، ابرارالحق، یاسر نواز، علیزہ شاہ، نعمان سمیع اور ماریامیمن وغیرہ شامل ہیں۔
دو جون کے روز معروف اداکارہ روبینہ اشرف نے خود میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی۔ ان کے حوالے سے سوشل میڈیا اور نیوز ویب سائٹس پر کرونا سے متعلق خبریں وائرل تھیں۔ تاہم اب اداکارہ نے ان خبروں کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ ان کی طبعیت زیادہ اچھی نہیں ہے۔ روبینہ اشرف سے قبل معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز سمیت ان کی بیٹی میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کرنے والے اداکار نوید رضا میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ چند دن قبل سوشل میڈیا پر ندا یاسر کی طبعیت انتہائی تشویش ناک ہونے کی افواہیں بھی تھیں مگر اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور وہ گھر پر ہی ہیں۔
اسی طرح ابرارالحق، علیزہ شاہ اور نعمان سنیع بھی کرونا کے ہاتھوں اس وقت خود ساختہ تنہائی اختیار کیے ہوئے ہیں اور ان کی حالت بھی ابھی کوئی اتنی بہتر نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ لوگ چند روز میں میں بہتری کی جانب گامزن ہو جائیں گے۔
روبینہ اشرف کی طرح معروف اداکارہ سکینہ سموں کے حوالے سے بھی خبریں تھیں کہ ان میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ تاہم اداکارہ نے خود سے متعلق جھوٹی خبریں وائرل ہونے کے بعد ایک ٹوئیٹ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے چند دن قبل ایک صحافی نے رابطہ کیا اور وہ بار بار ان سے صحت سے متعلق سوالات کیے جا رہے تھے۔ اداکارہ نے کسی صحافی کا نام لیے بغیر ہی بتایا کہ انہوں نے صحافی کو بتایا کہ وہ اپنی صحت سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتیں اور پھر انہوں نے مذکورہ صحافی کا نمبر واٹس ایپ پر بلاک کردیا جس کے بعد ان کے حوالے سے جھوٹی خبریں شائع ہونا شروع ہوئیں۔
اداکارہ نے اپنی ٹوئیٹ میں ایک جھوٹی خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں اداکارہ کے کرونا کے باعث چل بسنے کی خبر دی گئی تھی۔ اداکارہ نے اپنی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 21 مئی کو کورونا کے باعث سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں اور ٹی وی کے اداکار صغیر الٰہی کھچی بھی کورونا کے باعث چل بسے تھے۔ صغیر الہٰی کھچی کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تھا اور ان کے دیگر اہل خانہ اور رشتہ دار بھی وبا میں مبتلا ہوچکے تھے جب کہ ان کے محلے کے 10 افراد بھی کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے تھے۔
