کرونا کے وار جاری، دو مریض دم توڑ گئے، 14 کی حالت تشویشناک

پاکستان میں کرونا کے وار ایک مرتبہ پھر شروع ہوگئے ہیں، مہلک وائرس سے 2 مریض دم توڑ گئے ہیں جبکہ 14 متاثرین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 5 ہزار 126 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 22 افراد کے نتائج مثبت ریکارڈ ہوئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 0.43 فی صد ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں کئی ماہ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح بتدریج کم ہو رہی تھی، تاہم گزشتہ روز 2 مریضوں کی موت ہو گئی، این آئی ایچ کے مطابق 14 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ کے آنے کی خبریں زیر گردش تھیں، جس پر قومی ادارہ صحت کی جانب سے باقاعدہ تردید کی گئی تھی۔ این آئی ایچ کے مطابق کورونا کی نئی قسم کا تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، البتہ ملک میں نئے ویرینٹ سے نمٹنے کے حوالے سے انتطامات مکمل ہیں۔
