کرکٹ اور ماڈلنگ کے میدان فتح کرنے والا شعیب گلوکار بھی نکلا

کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کھیل کے میدان میں اپنی بیٹنگ سے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کے بعد ماڈلنگ کی دنیا میں بھی نام بنایا لیکن دنیا یہ نہیں جانتی تھی کہ وہ ایک اچھے گلوکار بھی ہیں۔ اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ان کی گلوکاری کی بھی دھوم مچ گئی ہے۔ شعیب ملک نے گٹار کی دھن پر آر ڈی برمن کی موسیقی پر بننے والے 1977 کے مشہور گانے ’’کیا ہوا تیرا وعدہ، وہ قسم وہ ارادہ‘‘ گا کر مداحوں سے خوب داد سمیٹی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے 15 نومبر کو اپنی 35 ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر نہ صرف ایک خوبصورت کیک کاٹا گیا بلکہ شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کے لیے ایک گانا بھی گنگنایا۔ سالگرہ کی تقریب میں ممبئی کے گلوکار اور موسیقار فاہمل خان کو بھی مدعو کیا گیا تھا جن کے ساتھ مل کر شعیب ملک نے اپنی اہلیہ کے لیے بالی ووڈ کا مشہور ترین گانا ’کیا ہوا تیرا وعدہ‘ گایا۔ یہ گانا انڈیا کے لیجنڈ گلوکار محمد رفیع نے 1977 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہم کسی سے کم نہیں‘ کے لیے گایا تھا اور فلم کے موسیقار آر ڈی برمن تھے۔
یاد رہے کہ شعیب ملک سے قبل مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر نے اگست میں اپنی لندن میں ہونے والی شادی میں بھی یہ گانا گایا تھا اور ان کی آواز میں اس گانے کو سوشل میڈیا پر بہت پذیرائی ملی تھی۔ شعیب ملک نے جنید صفدر جیسے اچھے سر تو نہیں لگائے لیکن مداح پھر بھی انکے گانے کی تعریف کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کو 11 سال ہو چکے ہیں اور ان کا بیٹا ازہان ملک مرزا تین سال کا ہو چکا ہے۔ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر ان کے دوستوں نے بھی ان کے لیے نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجے۔سابق کرکٹر اظہر محمود کی اہلیہ عبا قریشی نے ثانیہ مرزا کو ’پارٹنر ان کرائم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’دل کی چیتی‘ ہیں۔
عبا قریشی نے اپنی اور ثانیہ کی تصویر بھی ٹوئیٹ کی اور لکھا ’ہیپی برتھ ڈے چیتی۔اپنی سالگرہ پر ثانیہ مرزا پاکستان میں ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک تھیں کیونکہ صارفین کی بڑی تعداد ’بھابھی‘ کو جنم دن کی مبارکباد دے رہی تھی۔بابر حنیف نامی صارف نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ہمیں سرحدوں نے تقسیم کیا، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے متحد کر دیا ، ’اٹز ستی‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی تصاویر پوسٹ کیں اور لکھا ’ہیپی برتھ ڈے ٹو یو پورے پاکستان کی بھابھی۔
