اداکارہ صنم سعید کی ‘عمروعیار’ سے اسکرین پر واپسی

معروف اداکارہ صنم سعید نے طویل عرصے بعد ایک قدیم جادوئی داستان ’عمرو عیار‘ کے کردار پر بننے والی ایک فنٹیسی ہارر فکشن فلم سے اسکرین پر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ لہذا پاکستانی فلمی شائقین جلد ہی بڑے پردے پر نہ صرف صنم سعید کو دیکھیں گے بلکہ پہلی بار جادوئی کردار ’عمرو عیار‘ کو بھی دیکھ سکیں گے۔ اس فلم کو پاکستانی سینما اسکرین پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں اب کرونا وبا کے باعث لگنے والی پابندیاں ختم ہو چکی ہیں اور سینما گھر کھلنا شروع ہو چکے ہیں۔
برصغیر اور ایشیائی ادب کے پڑھنے والے عمرو عیار سے اچھی طرح واقف ہیں۔ یہ کردار”طلسم ہو شربا "نامی کتاب کے علاوہ "داستان امیر حمزہ”میں بھی ملتا ہے۔ عیاری اور ہوشیاری کا یہ پتلا خیر کی قوتوں کے ساتھ بدی کی طاقتوں سے الجھنے کے لئے مشہور ہے۔ عمرو عیار ذہانت کے ساتھ دشمنوں کو کاری ضربیں لگانے والا کردار یے جسے اب ایک فلم میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اداکار عثمان مختار، فاران طاہر اور صنم سعید نے آنے والی فلم ’عمرو عیار‘ کا موشن پرومو ٹیزر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جلد ہی یہ تینوں اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ’عمرو عیار‘ فلم کی کہانی ہزار سالہ قدیم مسلم ادب ’داستان امیر حمزہ‘ میں شامل اسی نام کے کردار کی کہانی پر مبنی ہے۔
’داستان امیر حمزہ‘ کو ایک ہزار سال پرانا اسلامی ادبی نسخہ مانا جاتا ہے جو کہ عربی اور فارسی کے بعد مغل بادشاہوں کے دور میں اردو ادب میں ترجمے کی صورت میں شامل ہوا۔ ’داستان امیر حمزہ‘ میں متعدد فکشنل جادوئی کرداروں کی کہانیاں شامل ہیں، جن میں ’عمرو عیار‘ کا قصہ بھی شامل ہے۔’عمرو عیار‘ کے کردار کو متعدد ڈراموں اور فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہے کہ اسی کردار پر پاکستانی فلم بنائی جا رہی ہے۔
لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’عمرو عیار‘ کا کردار کون ادا کرے گا اور فلم میں دیگر کون سے جادوئی کردار شامل ہوں گے۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ’عمرو عیار‘ کا ٹریلر اور اس کی کہانی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ ’عمرو عیار‘ کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں، جنہوں نے بتایا کہ فلم کی مرکزی کہانی ایک ہزار سال پرانے جادوئی کردار کے گرد گھومتی ہے، تاہم فی الحال کہانی کی مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔انہوں نے فلم کا موشن پوسٹر ٹیزر شیئر کیا ہے جسے اب عثمان مختار، صنم سعید اور ہولی وڈ امریکی نژاد پاکستانی اداکار فاران طاہر نے بھی شیئر کیا۔ ’عمرو عیار‘ کی کاسٹ میں ان تین اداکاروں کے علاوہ علی قاضی، عدنان صدیقی، سیمی راحیل، ثنا فخر، منظر صہبائی، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ فلم کو آئندہ سال 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی نمائش کی تاریخ نہیں بتائی گئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ’عمرو عیار‘ کو 2022 کی پہلی سہ ماہی میں ہی ریلیز کیا جائے گا۔
