’’کرینہ کپور کی 23 سال بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر انٹری‘‘

بالی ووڈ بے بو کرینہ کپور نے 23 سالہ کیرئیر کے بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر انٹری کر رہی ہیں، اداکارہ کی پہلی او ٹی ٹی فلم ’’جان جاں‘‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جوکہ 21 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔نیٹ فلیکس کے جاری کردہ مختصر ٹیزر میں کرینہ کپور سمیت فلم کے دیگر مرکزی کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں، ٹیزر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو رومانس سمیت ایکشن اور تھرلر بھی دیکھنے کو ملے گا۔’’جانِ جاں‘‘ کی کہانی جاپانی ناول (دی ڈووشن آف سسپیکٹ ایکس) سے ماخوذ ہے جو 2006 میں شائع ہوا، ناول کی کہانی سسپنس اور تھرلر سے بھرپور ہے، جس میں ایک طلاق یافتہ خوبصورت خاتون کے کردار سمیت قتل اور اس کی تحقیق کے گرد گھومتے واقعات کو بیان کیا گیا ہے، ’جانِ جاں‘ میں کرینہ کپور طلاق یافتہ خوبصورت خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو اپنی خوبصورتی سے دوسروں کو دیوانہ بھی بناتی ہیں لیکن ان کا ماضی انتہائی اذیت ناک ہوتا ہے۔’جانِ جاں‘ کے ٹیزر سے قبل نیٹ فلیکس انڈیا کی جانب سے کرینہ کپور کی او ٹی ٹی ڈیبیو کے حوالے سے ایک دلچسپ ویڈیو بھی ریلیز کی گئی، جس میں انہیں فلم سازوں سےاس بات پر بحث کرتے دکھایا گیا تھا کہ وہ منفرد کہانی پر مبنی فلم کے ذریعے ڈیجیٹل ڈیبیو کرنا چاہتی ہیں۔کرینہ کپور نے 2000 میں فلم ’رفیوجی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا اور گزشتہ 23 سال میں پہلا موقع ہوگا کہ وہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی پروڈکشن میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی، کرینہ کپور کی آخری فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ عامر خان کے ساتھ تھی، جسے گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔ ’جانِ جاں‘ کی ہدایات سنجے گھوش نے دی ہیں اور اس کی دیگر کاسٹ میں جے دیپ اہلاوت اور وجے ورما سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، اگرچہ کرینہ کپور ’جانِ جاں‘ سے او ٹی ٹی ڈیبیو کریں گی لیکن ان کے شوہر سیف علی خان نے کئی سال قبل ہی او ٹی ٹی ڈیبیو کیا تھا، ان کی انڈیا کی پہلی نیٹ فلیکس ویب سیریز ’سیکرڈ گیمز‘ کافی مقبول ہوئی تھی۔
