‘کملی’ کے بعد صبا قمر نے اگلی فلم سائن کرلی

پاکستان کی نامور اداکار صبا قمر کی فلم ‘کملی’ کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے اور اس فلم کی ریلیز سے قبل ہی اداکارہ نے ایک اور فلم بھی سائن کرلی۔
اس حوالے سے فلم کے پروڈیوسر حسن ضیا نے تصدیق کی ہے کہ صبا قمر ان کی فیچر فلم میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔حسن ضیا کا مزید کہنا تھا کہ میں کچھ ہفتوں کے لیے اپنے ہدایت کار کے ہمراہ لاہوں میں تھا جب انہوں نے صبا قمر کو فلم کا اسکرین پلے دیا، پہلا مرحلہ تھا کہ وہ فلم میں کام کرنے کی حامی دیں اور دوسرا مرحلہ یہ تھا کہ فلم بنانے کے لیے فنڈنگ کی جائے، دونوں ہی کام ہوگئے اب بس تاریخوں پر بات جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمیل بیگ اور میں مل کر اس فلم کو پروڈیوس کررہے ہیں، مجھے بےحد خوشی ہورہی ہے کہ میں ان کے ساتھ فلم کی پروڈکشن کررہا ہوں۔
حسن ضیا کے مطابق اب تک فلم کی ریلیز کی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی فلم کا نام رکھا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے میوزک کمپوز کرلیا جائے، فلم کے دائیلاگز اور اسکرین پلے محسن علی اور ثاقب خان نے تحریر کیے، ثاقب خان ہی اس فلم کی ہدایات بھی دیں گے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چند روز میں فلم کے مرکزی اداکار کو بھی سائن کرلیا جائے گا۔حسن ضیا کے مطابق فلم کی کہانی بولی وڈ فلمز بدھائی ہو اور بریلی کی برفی جیس ہوگی صرف کامیڈی نہیں پر بہت سنجیدہ بھی نہیں۔
واضح رہے کہ صبا قمر کی فلم ‘کملی’ کی ہدایات سرمد کھوسٹ دے رہے ہیں، فلم رواں سال ریلیز ہوگی۔
