کورونا وائرس: پاکستان میں فعال کیسز 6794 رہ گئے

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اب تک مجموعی کیسز میں سے تقریباً 96 فیصد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 659 ہے جس میں سے 2 لاکھ 86 ہزار 506 صحتیاب ہوئے ہیں جب کہ 6 ہزار 359 کا انتقال ہوا ہے۔ آج (9 ستمبر) کی صبح تک پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں 216 کا اضافہ ہوا جب کہ 4 افراد لقمہ اجل بنے، ان کیسز میں سے 81 بلوچستان سے تھے جو ایک روز قبل کے اعداد و شمار تھے تاہم رپورٹ آج صبح ہوئے۔
اگر بات کریں اس عالمی وبا کی تو گزشتہ برس کے آخر میں چین سے شروع ہونے والی اس بیماری نے دنیا کا نقشہ بدل کر رکھ دیا اور پوری دنیا لاک ڈاؤن کا شکار رہی، تاہم اب کچھ ممالک میں صورت حال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان میں یہ وائرس خطے کے دیگر ممالک کی نسبت دیر میں آیا اور 26 فروری کو کراچی میں پہلا کیس رپورٹ ہوا، جس کے ساتھ ہی تعلیمی اداروں کی بندش اور بعد ازاں مختلف شعبوں پر پابندیاں عائد کرنے سمیت لاک ڈاؤن لگانے کے فیصلے سامنے آئے۔
ابتدائی ایک ماہ اس وائرس کے کیسز کی تعداد ملک بھی میں کم رہی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ رپورٹ ہوا اور مئی اور جون کے مہینے اس اعتبار سے سب سے زیادہ تشویشناک رہے۔
جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں جب کہ اسپتالوں میں بھی بستروں کےلیے دباؤ بڑھنے لگا، تاہم اگلے ہی ماہ جولائی میں صورت حال میں بہتری نظر آنا شروع ہوئی۔ جس کے بعد اگست میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی اور اب ستمبر میں کیسز کی یومیہ تعداد سیکڑوں جب کہ اموات ایک ہندسے میں پہنچ گئی ہے۔
آج (9 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال کچھ اس طرح ہے۔
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس مزید 83 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کےلیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹون میں 83 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 97 ہزار 389 تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال نے وہاں اموات کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 213 ہوگئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 18 افراد کو متاثر کرگیا۔ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 18 نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 780 ہوگئی۔
ملک کے دوسرے نمبر پر کم متاثرہ حصے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے مزید 27 افراد متاثر ہوئے جب کہ 2 اموات بھی ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ان 27 مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 3 ہزار 68 ہوگئی۔ اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 73 ہوگئی۔
ملک میں سب سے کم متاثرہ حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 7 افراد کو متاثر کرگیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں 7 نئے مریضوں نے مجموعی کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 340 تک پہنچا دیا۔ ملک میں صحت یاب افراد کی تعداد میں بہتری آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 349 افراد وائرس سے شفا پاچکے ہیں۔صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ دیگر مریضوں کےلیے اُمید کی کرن ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 506 ہوگئی۔
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورت حال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 299659
اموات: 6359
صحتیاب: 286506
فعال کیسز: 6794
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 969 ہے جب کہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 389 تک پہنچ چکی ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 711 افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 402 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 780 ، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 68 اور کشمیر میں 2 ہزار 340 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال:
سندھ: 2430
پنجاب: 2213
خیبرپختونخوا: 1256
بلوچستان: 145
اسلام آباد: 177
آزاد کشمیر: 65
گلگت بلتستان: 73
