کورونا کے پیش نظر لاہور سمیت صوبہ بھر میں نئی پابندیاں عائد

کورونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھرمیں نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر لاہور میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت شام 6 بجے سے صبح سحری تک تمام سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
اس حوالے سے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ اس نوٹی فکیشن کے تحت لاک ڈاؤن مئی تک نافذ العمل رہےگا۔ صوبہ بھر میں شام 6 بجے سے صبح سحری تک تمام سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ صوبہ بھر میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہوگی، تمام کاروبار اور سرگرمیاں بند رہیں گی۔ پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹورز، ویکسینیشن سینٹر گوشت اور سبزی کی دکانوں کو اس نوٹی فکیشن سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر میں انڈور شادیوں اور دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ پنجاب کے وہ اضلاع جن میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ٪8 سے زیادہ ہے وہاں تمام ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات، ریسٹورینٹس اور مزارات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ ان اضلاع میں بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، جھنگ، قصور، خانیوال، لاہور، ملتان، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، راولپنڈی، رحیم یار خان، سیالکوٹ، سرگودھا، شیخوپورہ اور وہاڑی کے اضلاع شامل ہیں۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 201 اموات اور 5 ہزار 292 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 17 ہزار 230 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 88 ہزار 207 ہے اور 7 لاکھ 4 ہزار 494 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں 8 ہزار 224 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 24 فیصد ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ریکارڈ 54 اموات ہوئیں، 1306 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button