کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ پر ڈیڈ لاک،تاحال دستخط نہ ہو سکے

کراچی: سینٹرل کنٹریکٹ پر تاحال دستخط نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، اسی وجہ سے واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی جب کہ کیٹیگریز پربدستوربعض کرکٹرز ناخوش ہیں۔
پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بڑا اضافہ کر دیا تھا،اے کیٹیگری میں موجود بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ماہانہ 60 لاکھ 30 ہزار روپے دیے جائیں گے، بی کیٹیگری کو ماہانہ 41 لاکھ 47 ہزار 500 روپے ملنے ہیں، سی کیٹیگری کو ماہانہ 17 لاکھ65 ہزار روپے دیے جائیں گے، ڈی کیٹیگری کوماہانہ 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے ملنے ہیں۔معاہدوں میں تاخیر کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کئی ماہ سے معاوضے نہیں ملے تھے، ورلڈکپ کیلیے روانگی سے قبل جب کنٹریکٹ پر اتفاق ہو گیا تو امید ہو گئی کہ واجبات ادا کر دیے جائیں گے، البتہ حیران کن طور پر اب بھی کسی کو کوئی رقم نہیں ملی۔
اس حوالے سے رابطے پر ایک کھلاڑی نے تصدیق کی کہ تاحال بورڈ نے کوئی ادائیگی نہیں کی، البتہ انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کنٹریکٹ پر تو دستخط ہی نہیں ہوئے، ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل بعض کرکٹرز نے ڈی کیٹیگری میں شمولیت پر اعتراض کیا ہے، چند دیگر بھی اپنی کیٹیگریز سے خوش نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کنٹریکٹ کے معاملے میں خود تمام کھلاڑی بھی ایک پیج پر نہیں رہے، بعض کو لگتا ہے کہ بابر اعظم و دیگر نے اپنے لیے مراعات حاصل کر لیں دیگر کا نہیں سوچا۔
