کیا اب گورنر سٹیٹ بینک کی باس ایک بھارتی خاتون ہے؟


پاکستانی سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اب انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی ایک سینئر خاتون افسر کو جواب دہ ہیں جن کا تعلق بھارت سے ہے لہذا اب آئی ایم ایف پاکستان کو مزید ٹائٹ کرے گا۔ پاکستانی سوشل میڈیا پر یہ دعوے تب سامنے آئے جب گیتا گوپی ناتھ نامی آئی ایم ایف کی ملازمہ اس خاتون کی انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی ایک تصویر وائرل ہوئی۔ یاد رہے کہ گیتا گوپی ناتھ آئی ایم ایف کی اکنامک کونسلر اور اس کے اہم ترین شعبہ تحقیق کی ڈائریکٹر ہیں۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر اب اس بھارتی خاتون کو رپورٹ کرنے کے بعد پابند ہوں گے۔
آئی ایم ایف میں اپنی موجود پوزیشن پر رہتے ہوئے گیتا گوپی ناتھ مختلف ملکوں کی معاشی مدد کے لیے راستوں کے تعین سے لے کر معیشت کے وسیع شعبے میں تحقیق تک کی ذمہ دار ہیں۔ گیتا گوپی ناتھ کے مطابق کسی ملک کو پیکج کیا اور کیسے دیا جائے؟ ان کے لیے کیا پروگرام ڈیزائن کیا جائے؟ ان جیسےنتمام امور پر تجاویز ان کے دائرہ کار میں آتی ہے۔
آئی ایم ایف کی انڈین عہدیدار اور وزیراعظم مودی کی ملاقات کو کئی دن ہو چکے ہیں لیکن سوشل پلیٹ فارمز پر اس تصویر کا تذکرہ جاری ہے۔ دوسری جانب سٹیٹ بینک کی طرف سے ابھی تک کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی کہ آیا گیتا گوپی ناتھ اور گورنر رضا باقر میں اب سینئر اور جونیئر کا تعلق قائم ہو چکا ہے۔ یاد رہے کہ رضا باقر پہلے مصر میں آئی ایم ایف کے ملازم ہوتے تھے، پھر انہیں کپتان حکومت نے بھاڑے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کا گورنر بنا دیا۔ اگرچہ گیتا ناتھ کو رضا باقر کا باس کہنے والے اپنے دعوے کے ثبوت میں کوئی دلیل نہیں پیش کرسکے البتہ وہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے پر بھی آمادہ دکھائی نہیں دیے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے ڈیٹا کے مطابق اکتوبر 2018 میں گیتا گوپی ناتھ کو آئی ایم ایف میں اکنامک کونسلر اور ڈائریکٹر ریسرچ مقرر کیا گیا تو وہ طاقتور ادارے کی نئی چیف اکنامسٹ ٹھہریں۔ عالمی مالیاتی ادارے کی 11ویں چیف اکنامسٹ بننے والی گیتا گوپی ناتھ اس ذمہ داری پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ 49 سالہ گیتا 8 دسمبر 1971 کو کولکتہ، انڈیا میں پیدا ہوئیں۔ 1999 میں اقبال سنگھ سے شادی کرنے والی گوپی ناتھ کے والد ٹی وی گوپی ناتھ جب کہ والدہ وی سی وجے لکشمی ہیں۔ یہ انڈین ریاست کرناٹک کے شہر میسور میں مقیم رہے ہیں۔ گیتا گوپی ناتھ کے شوہر اقبال سنگھ بھی انڈیا سے ہیں۔ وہ انٹرنیشنل ریلیشنز، ہیومن رائٹس اور قانون کے شعبے میں تدریس سے وابستہ رہے ہیں۔ بنگلور میں پیدا ہونے اور یونیورسٹی آف میسور سے تعلیم یافتہ اقبال سنگھ امریکی شہریت رکھتے ہیں۔
اقبال دھلیوال میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے شعبہ اقتصادیات کی عبداللطیف جمیل پاورٹی ایکشن لیب کے گلوبل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز انڈین ایڈمنسٹریشن سروس کے رکن کے طور پر کیا تاہم بعد میں وہ اس سے الگ ہوگئے تھے۔
روہیل نامی بیٹے کی والدہ اور خود بھی امریکی شہریت رکھنے والی گیتا گوپی ناتھ انڈیا کی اوورسیز شہریت بھی رکھتی ہیں۔ آئی ایم ایف میں اپنی ذمہ داری اور ہارورڈ میں تدریس سے قبل انڈین ریاست کیرالہ کے وزیراعلٰی کی معاشی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔ 2021 میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر بننے کے بعد عالمی ادارے کے سربراہ کے بعد دوسری اہم ترین پوزیشن پر موجود گیتاگوپی ناتھ پہلے سے اس پوزیشن پر موجود جیفری اوکاموتو کی جگہ لیں گی۔
دو بہنوں میں چھوٹی گیتا گوپی ناتھ ایک ملیالی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ 1992 میں یونیورسٹی آف دہلی سے ڈگری کے بعد 1996 میں یونیورسٹی آف واشنگٹن سے ماسٹر ڈگری لینے والی گیتا گوپی ناتھ نے پرنسٹن یونیورسٹی سے معیشت میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور
ہارورڈ یونیورسٹی میں درس و تدریس سے بھی وابستہ رہی ہین۔

Back to top button