کیا عروہ حسین اور فرحان سعید کی شادی بھی ٹوٹ گئی؟


پاکستان کی مشہور شوبز جوڑی فرحان سعید اور عروہ حسین کے درمیان علیحدگی کی اطلاعات ٹاک آف دا ٹاؤن بنی ہوئی ہیں لیکن ابھی میاں اور بیوی کی جانب سے ان افواہوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں جوڑوں کے طلاق دینے کا رجحان بہت زیادہ بڑھ گیا ہے، فنکار جوڑوں کے آپسی اختلافات رشتوں کے ٹوٹنے کا سبب بنتے رہتے ہیں۔ شوبز کی چکا چوند دنیا میں کئی مرد فنکار شادی شدہ ہونے کے باوجود معاشقوں کی وجہ سے اپنی گھریلو زندگیوں کو داؤ پر لگالیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اب یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے شادی کے 4 سال بعد باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔فرحان سعید اور عروہ حسین کی علیحدگی سے متعلق خبر سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اداکاروں کی اس جوڑی کے مداحوں کو بس اب ان کے حتمی بیان کا انتظار ہے کیونکہ وہ اس بات پر یقین کرنے سے انکاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرحان سعید اور عروہ حسین نے اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی علیحدگی کی وجوہات دونوں کے مابین بڑھتے ہوئے تناؤ اور متضاد خیالات بنے ہیں۔ علیحدگی کی خبروں کے حوالے سے دونوں کی جانب سے باضابطہ بیان میں ابھی تک اس خبر سے متعلق تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ کچھ عرصہ قبل عروہ نے ٹی وی شو کے دوران میزبان صنم بلوچ کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں پتا چلے کہ فرحان سعید دوسری شادی کر رہے ہیں تو وہ شادی رکوانے کے لیے نہیں جائیں گی اور اُن کے فیصلے پر خاموشی اختیار کریں گی۔ عروہ کے اس جواب سے بہت سے لوگوں نے یہ اندازہ لگایا تھا کہ شاید ان کے اور فرحان کے مابین پہلے والی گرمجوشی نہیں رہی ورنہ کوئی بھی لڑکی محبت کی شادی کے بعد آسانی سے اپنے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت نہیں دیتی۔
ایک انٹرویو میں فرحان سے پہلی بار ملنے کی دلچسپ کہانی بتاتے ہوئے عروہ نے بتایا کہ وہ فرحان سعید سے اپنی پہلی فلم کے سیٹ پر ملی تھیں اور دونوں کی اچھی بات چیت ہو گئی تھی، کمیسٹری بھی اچھی رہی تھی۔ انٹرویو کے دوران عروا کی بات کاٹتے ہوئے ان کی بہن ماورا نے بتایا تھا کہ عروہ فرحان سے ملنے کے بعد اُن کے پاس آئی تھیں اور پوچھا تھا کہ یہ فرحان کون ہے؟ جس پر ماورا نے اُنہیں بتایا کہ یہ معروف گلوکار فرحان سعید ہے۔ عروا کا مزید بتانا تھا کہ ماورا نے اُنہیں فرحان سعید کے گانے گِنوائے اور بتایا کہ فرحان کا تعلق مشہورِ زمانہ جَل میوزک بینڈ سے ہے جس پر اُنہیں معلوم ہوا کہ فرحان سعید کون ہیں۔ بعد ازاں دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر کچھ عرصے بعد دونوں نے شادی کر لی۔
خیال رہے کہ 2016 میں اداکارہ عروہ حسین کو گلوکار فرحان سعید نے پیرس میں پرپوز کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بادشاہی مسجد میں نکاح کیا تھا۔ فرحان اور عروہ حسین کی شادی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہی تھی اور ان کی جوڑی شوبز کی مقبول ترین جوڑیوں میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال شوبز کی مقبول ترین جوڑی سائرہ اور شہروز، آمنہ شیخ اور محب مرزا کے درمیان بھی علیحدگی ہو چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button