کیا عمران خان سعودیہ کسی شادی میں گئے ہیں؟

وزیراعظم کے مشیر شہباز گل نے ان میڈیا اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے کہ وزیراعظم سعودی عرب میں اپنی سوتیلی بیٹی کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں لیکن سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ وہاں خاتون اول بشریٰ بی بی کی بیٹی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کرنے گئے ہیں۔ باخبر حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتنی بات درست ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کی دوسری شادی سعودی عرب میں ایک پاکستانی بزنس مین فیملی سے ہوئی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان اس میں شریک نہیں ہوئے۔ تاہم حکومتی ذرائع نے سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان کا سعودی شاہی خاندان سے ملاقاتوں کا ایجنڈا بھی واضح نہیں کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کابینہ کے اراکین کے ساتھ اپنی اہلیہ بشریٰ کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کے لیے گئے ہیں جو کہ ایک افسوسناک بات ہے چونکہ اس حوالے سے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ تاہم وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے انہوں افواہوں کی تردید کی ہے۔ انہوں نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ’اب یہ جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں کسی شادی میں شرکت کی۔‘انہوں نے کہا کہ ’یہ مکمل جھوٹ ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جس شادی کی بات کی جا رہی ہے وہ تو وزیراعظم کے سعودی عرب جانے سے پہلے ہی ہوچکی تھی اور اس میں شامل ہونے والے کئی لوگ وزیراعظم کے سعودی عرب جانے سے پہلے ہی واپس پاکستان آ چکے تھے۔‘ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر بھی وائرل ہیں جس میں عمران خان کی سوتیلی بیٹی اپنے دوسرے شوہر کے ہمراہ دکھائی دیتی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں کی یہ دوسری شادی ہے۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد نے بھی اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کا کسی پرائیویٹ تقریب سے کوئی تعلق ہے نہ وزیراعظم کے شیڈول کا حصہ۔ وفد میں بھی صرف خاتون اول، ماحولیات، خارجہ پالیسی، انرجی سے متعلقہ وزراء شامل ہیں۔‘ پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق خاتون اول کی بیٹی کا نکاح 12 ربیع الاول کو مسجد نبوی میں ایک پاکستانی بزنس مین کے بیٹے محمد شیخ سے ہوا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین کا مؤقف ہے کہ ایسا ممکن نہیں کہ وزیراعظم کی سوتیلی بیٹی کی شادی کی تقریب سعودی عرب میں منعقد ہو رہی ہو اور وزیر اعظم وہاں موجود ہونے کے باوجود اس میں شرکت نہ کریں۔
