کیا فیروز خان شوبز سے کنارہ کشی کرنے والے ہیں؟

پاکستان کے نامور اداکار فیروز خان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
فیروز خان نے حال ہی میں اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کردیا جس کے بعد مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کے اکاؤنٹ غیر فعال ہونے پر پریشانی کا اظہار کرنا شروع کردیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب فیروز خان نے اپنا اکاؤنٹ غیر فعال کیا ہو، وہ اس سے قبل بھی ایسا کرچکے ہیں۔
لیکن اس بار ان کے شوبز کو چھوڑنے کی خبریں اس لیے وائرل ہوئیں کیوں کہ شاید وہ بھی حمزہ علی عباسی کی طرح اپنی زندگی صرف دین کی باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتے ہیں۔ فیروز خان کی اہلیہ علیزے رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حال ہی میں ایک اسٹوری شیئر کی، اسٹوری میں شیئر کی تصویر میں ان کے ہمراہ فیروز خان موجود ہیں۔
اس تصویر پر علیزے نے لکھا کہ ‘امید ہے یہ روحانی سفر آپ کی زندگی میں اعتماد پیدا کرے اور مقصد پورا کرے’۔
اس حوالے سے فیروز خان کی بہن دعا ملک نے بہت زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق ضرور کی کہ فیروز خان سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرکے اپنا ایمان کو تقویت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘انسٹاگرام ہمارے لیے ضروری ہوگا لیکن فیروز کے لیے نہیں، وہ کئی بار اپنے اکاؤنٹ کو غیر فعال کرچکے ہیں اور صرف گھر والوں کے اصرار پر واپس اکاؤنٹ فعال کیا’۔ ویسے فیروز خان ٹوئٹر پر تاحال موجود ہیں اور مداح وہاں ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ فیروز خان کی بہن نے ان کی شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
فی الحال اداکار ایک فلم پر کام کررہے ہیں جبکہ ان کا ڈراما ‘عشقیہ’ اس وقت اے آر وائے پر نشر ہورہا ہے۔
