کیا ندیم افضل چن نے تحریک انصاف چھوڑ دی؟


خبریں گرم ہیں کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے پارٹی قیادت کو استعفیٰ بھجوا دیا جو کہ ابھی تک پارٹی نے منظور نہیں کیا، کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے تاہم شہباز گل نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چن تحریک انصاف میں ہی ہیں اور نجی مصروفیات کی وجہ سے 11 جولائی تک چھٹیوں پر ملک سے باہر گئے ہیں۔ ندیم افضل چند کھل کر بولتے ہیں اور غلط ایشو پر اپنی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنا دیتے ہیں۔ ان کی اسی عادت کی وجہ سے کپتان نے ان کو خود سے دور کر رکھا ہے لہذا ندیم افضل چن نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے کہ جہاں عزت نہ ہو وہاں رہنے کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب ندیم افضل چن کے استعفیٰ کی خبروں کی وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل نے تردید کی ہے۔ ادھر ندیم افضل چن کے خاندانی ذرائع اور بھائیوں نے بھی ان کے عہدہ سے مستعفی ہونے اور ازخود بیرون ملک چلے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے ۔ ندیم افضل چن کے خاندان کے ذرائع اور بھائی گلریز چن ایم پی اے اور وسیم افضل چن سابق ایم پی اے نے استعفیٰ کی خبر و ں پر ردعمل دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ندیم افضل چن نے وزیراعظم سے ایک ماہ کی چھٹی لے رکھی ہے اور وہ ایک ماہ کے لئے بیرون ملک چلے گئے ہیں۔
تاہم اس حوالے سے ابھی تک ندیم افضل چن کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا لہذا ان افواہوں میں شدت آتی جارہی ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل ندیم افضل چن کی ایک آڈیو کال لیک ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں کافی مقبولیت ملی تھی۔ اس آڈیو کلپ کے بعد ان کے ساتھ مختارے کو بھی لوگوں نے جاننا شروع کر دیا تھا، اس کے علاوہ چند عرصہ قبل انہوں نے بھی اپنے یوٹیوب چینل پر مختارے کا انٹرویو کیا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ ندیم افضل چن اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی گلریز چن نے ایک ساتھ تحریک انصاف جوائن کی تھی تاہم جس سوچ اور امید کے ساتھ یہ کپتان اینڈ کمپنی کا حصہ بنے تھے، وہ امیدیں پوری نہ ہو سکیں۔ تحریک انصاف کی بیڈ گورننس کی وجہ سے آج دونوں بھائی سخت مایوس ہیں کیونکہ ان کے حلقے کے عوام کے جائز کام بھی نہیں ہو رہے۔ یہی وجہ ہے کہ گلریز چن نے گزشتہ برس پارلیمانی سیکرٹری بنائے جانے کے باوجود یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جبکہ ندیم افضل چن بطور وزیر اعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی بھی میڈیا کے محاذ پر اس انداز سے تحریک انصاف حکومت کا دفاع نہیں کرتے جس کی ان سے امید کی جاتی ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ندیم افضل چن اور ان کے بھائی دوبارہ سے پیپلز پارٹی میں جانے کے لیے پر تول رہے ہیں اور ممکنہ طور پر اسی لیے ندیم افضل چن نے سیاسی مصروفیات سے ایک مہینے کی بریک لے لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button