کینسر کو ہرانے والی نادیہ جمیل اسکرین پر واپسی کی خواہاں


کینسر جیسے موذی مرض کے ساتھ ایک طویل جنگ لڑ کر جیتنے والی خوبصورت ٹی وی اداکارہ نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ وہ شدت سے شوبز سکرین پر واپسی کی خواہشمند ہیں۔
نادیہ جمیل نے اپنی تازہ ترین تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ کینسر کی وجہ سے ان کے جو بال جھڑ گئے تھے یا جنہیں انہوں نے منڈوالیا تھا اب وہ بڑے ہونے لگے ہیں اور جلد ہی وہ اپنے مکمل بالوں کے ساتھ دکھائی دیں گی۔ انہوں نے کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے پر خدا کا شکر بھی ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ جیسے ہی ان کے بال بڑے ہو رہے ہیں، ان کے دل میں خواہش اٹھی ہے کہ انہیں اسکرین پر واپسی کرنی چاہیے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کینسر نے انہیں شکرانے ادا کرنے سمیت یہ بات بھی سکھا دی کہ ہر انسان خود کا بہترین دوست بھی ہوتا ہے۔ نادیہ جمیل نے لکھا کہ اب اگرچہ ان کے سر کے بال مسلسل بڑے ہو رہے ہیں، تاہم وہ بالوں کو منڈوانے کے برے اور تکلیف دہ وقت کو کبھی نہیں بھول پائیں گی۔ انہوں نے اپنی ہمت پر خود اپنی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے کرونا کی وبا کے دوران کینسر اور ذیابیطس جیسے امراض سے خوب جنگ لڑی اور وہ جنگ جیتی بھی۔ نادیہ جمیل نے لکھا کہ ہر بہادر شخص اپنے لیے ایک نعمت ہوتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اب وہ بہت خوش ہیں اور ہر سانس لیتے وقت انہیں زندگی اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کے لیے نیک خواہشات اور محبتوں کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ نادیہ جمیل نے اس پوسٹ سے قبل سال نو کے موقع پر بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں کینسر کو الوداع اور نئے سال و خوشیوں کو خوش آمدید کہا تھا۔ نادیہ جمیل نے تب بھی کینسر جیسے مرض سے صحت یابی پر خدا کے شکرانے ادا کیے تھے اور لکھا تھا کہ وہ مشکل وقت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گی۔ اگرچہ نادیہ جمیل نے اسکرین پر واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم ابھی تک ایسی خبریں نہیں ہیں کہ وہ جلد کسی ڈرامے یا فلم میں دکھائی دیں گی۔ نادیہ جمیل آخری بار 2019 میں ڈرامے ‘دمسہ’ میں دکھائی دی تھیں، انہوں نے درجنوں مقبول ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے اور ساتھ ہی ٹی وی شوز میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ نادیہ جمیل جلد اسکرین پر واپسی کریں گی اور ممکنہ طور پر آئندہ 3 ماہ میں ان کے کسی نئے منصوبے کا اعلان ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
یاد رہے کہ نادیہ جمیل میں اپریل 2020 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس کے علاج کےلیے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔نادیہ جمیل میں کینسر کی تشخیص کے بعد 7 اپریل 2020 کو ان کی سرجری کی گئی تھی، جس کے بعد آئندہ ماہ تک ان کی کیموتھراپی کی گئی۔کیموتھراپی کے دوران بال جھڑنے کی وجہ سے انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوالیے تھے اور انہوں نے بال منڈوائے جانے کی ویڈیوز و تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ کیموتھراپی کے دوران ان کی طبیعت کافی بگڑ بھی گئی تھی، تاہم بعد ازاں ان کی طبیعت سنبھل گئی تھی اور جولائی میں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔ کینسر کو شکست دینے کے بعد انہیں ابتدائی طور پر ذیابیطس کی بھی شکایت ہوگئی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس سے بھی نجات حاصل کرنے کی تصدیق کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button