گھڑ سواری کرنے والا جنید صفدر پکے سر والا گلوکار نکلا


مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بیٹے جنید صفدر نے اپنے نکاح کی تقریب میں سروں سے بھر پور گانا گاکر سب کو حیران کردیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ بالی ووڈ کا مشہور گانا ’کیا ہوا تیرا وعدہ، وہ قسم وہ ارادہ‘ 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم ’یادوں کی بارات‘ کے لیے محمد رفیع نے گایا تھا لیکن یہی گانا نواز شریف کے نواسے جنید صفدر نے اپنے نکاح کی تقریب میں گا کر میلہ لوٹ لیا۔ خیال رہے کہ جنید کا نکاح 22 اگست کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں ہوا تھا جس میں انکے والدین مریم اور صفدر نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی تھی۔
تب سے جنید صفدر اور عائشہ سیف کے نکاح کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں لیکن اب ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں جنید اپنی آواز کا جادو جگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
دراصل انکے نکاح کی تقریب میں ایک پیشہ ور گلوکار کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں مگر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ایک گلوکار نے جنید صفدر کو مائیک پکڑایا تو انہوں نے زبردست گانا گا کر سب کو حیران کردیا۔ شادی میں شریک مہمان جنید صفدر کی آواز پر جھومتے نظر آئے اور جنید کی اہلیہ عائشہ سیف خان بھی اپنے شوہر کو خوشی سے دیکھتی رہیں۔
جنید صفدر اس موقع پر بھارتی گانا ‘کیا ہوا تیرا وعدہ ‘ گاتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور ان کی اس صلاحیت نے سوشل میڈیا صارفین کو بہت متاثر بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ ‘کیا ہوا تیرا وعدہ’ بولی وڈ فلم ‘ہم کسے سے کم نہیں’ کا حصہ ہے جو 1977 میں ریلیز ہوئی تھی تاہم یہ گانا آج بھی بے حد مقبول ہے۔ مریم اور صفدر کے بیٹے کی جانب سے اپنے نکاح کی تقریب میں گائے گئے اس گانے کی ویڈیو نہ صرف وائرل ہورہی ہے بلکہ اسے بہت زیادہ سراہا بھی جارہا ہے۔
جنید صفدر کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین بحث و مباحثہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔
سینئیر صحافی ماریانہ بابر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’خوبصورت! خوشی ہے کہ بچے اپنی شادی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔‘’ نواز شریف کو بھی گانا گانے سے محبت تھی اور ان کی آواز بھی خوبصورت تھی۔‘ باسط سبحانی کہتے ہیں کہ ’واہ بھئی واہ، جنید صفدر کی تو بہت پیاری آواز ہے، گلوگاری سے محظوظ ہوا ہوں، غلط تبصروں سے اجتناب کریں۔‘
انسا اختر کہتی ہیں ’کیا جادوئی آواز ہے۔‘ ایک اور صارف نے کہا کہ ’دماغ میں جنید صفدر کا کیا ہوا تیرا وعدہ گانا ہی چل رہا ہے۔‘
آمنہ نامی صارف نے لکھا کہ جنید صفدر نے اپنی گلوکاری سے دل جیت لیے۔ محمد اویس نے کہا کہ ‘ان کی آواز نے حیرت میں مبتلا کردیا، میں اگلے الیکشن میں انہیں ووٹ دوں گا’۔ صنم اقبال نے کہا کہ جنید صفدر نے اپنی مسحور کن آواز سے ہم سب کا متاثر کیا ہے۔ باسط نامی صارف نے بھی جنید صفدر کی آواز کی تعریف کی۔
علاوہ ازیں 22 اگست کو منعقد ہونے والی اسی تقریب سے سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں مریم نواز ویڈیو کال پر جنید صفدر سے گفتگو کررہی ہیں۔انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی تصویر میں جنید صفدر نے ہاتھ میں فون پکڑا ہوا ہے اور مریم نواز ویڈیو کال پر موجود ہیں۔تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیٹے کی زندگی کے اہم دن پر آن لائن شرکت کرنے والی مریم نواز کے لباس پر دیدہ زیب کڑھائی ہوئی ہے اور انہوں نے جیولری کے طور پر ٹیکا پہنا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ جنید صفدر کے نکاح کی تقریب لندن کے مہنگے ترین اور پرتعیش 5 اسٹار ہوٹل دی لینس بورو میں منعقد ہوئی تھی۔ تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز اور ان کی اہلیہ اور دیگر نے شرکت کی تھی۔
جنید صفدر کا ٹکسڈو کس برانڈ کا تھا اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں البتہ دلہن کا لہنگا بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی نے تیار کیا تھا۔

Back to top button