ہالی ووڈ کا تھپڑ کاپی کرنے پر ہم ایوارڈز تنقید کی زد میں

ہالی ووڈ آسکر ایوارڈز کا تھپڑ کاپی کرنے پر کینیڈا میں ہونے والی ’’ہم ایوارڈز‘‘ کی تقریب تنقید کی زد میں ہے، سوشل میڈیا صارفین ہم ٹی وی کی انتظامیہ کو سستا ترین آئٹم کاپی کرنے پر جلی کٹی سنا رہے ہیں۔ ایک صارف نے نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ایمازون کی ویب سائٹ کھولنے پر اچانک دراز کی ویب سائٹ اوپن ہو گئی۔
تنقید کا یہ سلسلہ تب شروع ہوا جب سوشل میڈیا پر ہم ایوارڈز 2022 کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں کامیڈین احمد علی بٹ اور احمد علی اکبر نے آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران ول سمتھ کے کرس راک کو تھپڑ مارنے کے واقعے کو اپنے انداز میں پیش کیا۔ مارچ میں منعقد ہونے والی آسکر 2022 کی تقریب کے دوران ہالی ووڈ اداکار ول سمتھ نے اپنی اہلیہ بارے کیے گے نا مناسب مذاق پر کامیڈین کرس راک کو زور دار تھپڑ مار دیا تھا۔ تقریب کے دوران کرس راک نے ول سمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکٹ سمتھ کے بالوں کے انداز کا فلم ’جی آئی جین‘ میں ڈیمی مور کے انداز سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک سیکوئل کی طرح ہے، اس بات پر ول سمتھ برہم ہوگئے اور سٹیج پر آ کر کرس راک کو تھپڑ مار دیا۔ تاہم انہوں نے بعد میں اپنی حرکت پر معافی بھی مانگ لی تھی۔
اس واقعے کو ہم ایوارڈز کی تقریب میں دیسی طریقے سے نقل کیا گیا۔ تقریب میں احمد علی بٹ نے ڈراما سیریل پری زاد میں جاندار اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے احمد علی اکبر کو کہا کہ میں نے تمہیں پہلے بھی بتایا تھا کہ ہٹ ہونے کے لیے منہ کالا کروانا پڑتا ہے اور وہ بھی ایک دو بار نہیں، بلکہ پوری سات ہیروئنز کے ساتھ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ بات سننے کے بعد احمد علی اکبر سیٹ سے اٹھ کر آتے ہیں اور احمد علی بٹ کے چہرے پر تھپڑ جڑ دیتے ہیں۔ اسکے بعد وہ ول سمتھ کے انداز میں کہتے ہیں کہ مجھے اپنے مذاق سے دور رکھو۔
لیکن اکثر سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، حمزہ شیخ نامی انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ سستے لوگ، سستی شہرت، ایک اور انسٹا صارف نے لکھا کہ او میرے خدا! یہ تو بہت ہی گھٹیا ہے۔ رباب نامی صارف نے لکھا کیا کہ سب کاپی کر لو۔ کچھ نیا نہ کرنا، حفضہ نے تحریر کیا کہ بٹ نے بہت ہی گھٹیا کامیڈی کی ہے، ایک اور انسٹا صارف نے استفسار کیا کہ کیا یہ منصوبہ بندی کے تحت تھا؟ بنت محسن نے لکھا کہ یہ کچھ ایسا ہی تھا کہ آپ ایمازون کھولیں اور غلطی سے دراز پہ کلک کر دیں۔

Back to top button