یاسر حسین اور اقرا عزیز کتنے بچے پیدا کرنا چاہتے ہیں؟

معروف اداکار یاسر حسین نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ ہمارے زیادہ بچے ہوں لیکن کتنے بچے ہوں گے اس کا جواب میری اہلیہ اقرار عزیز ہی دے سکتی ہیں۔
یاسر حسین حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے خاندان کو بڑھانے سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی، اداکار نے کامیاب اور بہترین شادی شدہ زندگی گزارنے کے طریقے بھی بتائے اور مذاق میں کہا کہ پہلی شادی کی کامیابی کے لیے لازمی ہے کہ دوسری شادی کی جانی چاہئے، ان کے خیال میں کامیاب اور بہترین شادی شدہ زندگی کے لیے بچے کا ہونا لازمی ہے۔
انہوں نے دلیل دی کہ وہ اقرا عزیز کی عزت پہلے بھی کرتے تھے لیکن بچے کی پیدائش کے بعد وہ ان کی زیادہ عزت کرنے لگے ہیں اور ان سے زیادہ محبت کرنے لگے ہیں، ان کے مطابق انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ جو شادی شدہ جوڑے بچے پیدا نہیں کرنا چاہتے تو ان کے درمیان کس طرح کے تعلقات ہوں گے؟
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے صبا قمر کو مشورہ دیتے ہوئے تجویز دی کہ انہیں ڈراموں میں اداکاری نہیں کرنی چاہئے، وہ صرف فلموں اور ویب سیریز کے لیے کام کریں، انہیں لگتا ہے کہ صبا قمر جیسی اداکارہ پھر پاکستان کو ملے یا نہ ملے، اس لیے انہیں ڈراموں کے بجائے صرف فلموں میں کام کرنا چاہئے، اداکار نے شہریار منور کو مشورہ دیا کہ وہ بھی سوچ سمجھ کر اچھے کردار ادا کریں، انہیں صرف ہیروز کے کرداروں کا انتخاب نہیں کرنا چاہئے، وہ دوسرے کردار بھی ادا کریں۔
یاسر حسین نے کہا کہ بطور والد ان کی یہ بھی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا پاکستان کے لیے کسی بھی شعبے میں گولڈ میڈل لائے، وہ کسی طرح کے اسپورٹس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کرے، ان کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا اسپورٹس مین بنے، ساتھ ہی وہ چاہتے ہیں کہ وہ اچھے گلوکار بھی بنیں لیکن اگر وہ کچھ نہ بھی بن پائیں تو کوئی بات نہیں، وہ صرف اچھے انسان بن جائیں، یہی کافی ہوگا۔
میزبان نے ان سے پوچھا کہ وہ خود 12 بہن اور بھائی تھے تو وہ خود اپنے کتنے بچے چاہتے ہیں؟ اس پر یاسر حسین نے جواب دیا کہ اس کا بہتر جواب اقرا عزیز دے سکتی ہیں، کیوںکہ بچے انہوں نے ہی پیدا کرنے ہیں، ایسے معاملات کا فیصلہ ایک ماں ہی بہتر انداز میں کر سکتی ہیں، کیوںکہ جسم ان کا ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش جولائی 2021 میں ہوئی تھی، یاسر حسین پہلے بھی متعدد بار مزید چار سے پانچ بچوں کی پیدائش کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں جبکہ وہ اپنے خاندان سے متعلق بتا چکے ہیں کہ وہ 12 بہن بھائی ہیں۔
