ایران کا سعودی، یمن کشیدگی پر اظہار تشویش، مذاکرات پر زور

 

 

 

ایران نے سعودی عرب اور یمن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے تنازع کے حل کےلیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا اپنے بیان میں کہنا تھاکہ یمن کے بحران کا منصفانہ حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن اور سعودی عرب کے درمیان جاری تنازع کا کوئی فوجی حل موجود نہیں اور ایران کے نزدیک مذاکرات کی راہ پر واپسی اور طےشدہ روڈ میپ پر مکمل عمل درآمد ہی یمنی عوام کی مشکلات کےخاتمے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنےکا واحد مؤثر راستہ ہے۔

اسماعیل بقائی نے یہ بھی کہاکہ خطے میں امریکا کی پالیسیوں نے یمن کی صورت حال کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے۔

ذرائع کےمطابق حوثی ترجمان اور سعودی وفد کی عمان میں ملاقات بھی ہوئی ہے،ملاقات میں علاقائی سلامتی اور استحکام میں پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔

یمن کی تنظیم انصاراللہ کا سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی پر حملوں کا دعویٰ

اس سے قبل یمن کی حوثی اکثریتی جماعت انصار اللہ نے سعودی عرب کے شہر جازان اور ینبع میں آئل تنصیبات پر میزائل اور ڈرون سے حملوں کا دعویٰ کیاتھا، جس کےبعد تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی،اس کے ساتھ ہی حوثیوں نے مزید حملوں کی بھی دھمکی دیتےہوئے کہا تھا کہ یہ الحدیدہ پورٹ پر حملے کے جواب میں کارروائیاں کی گئیں۔

 

 

Back to top button