13 دسمبر کے لاہور جلسے سے نوازشریف بھی خطاب کریں گے

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 13 دسمبر کا لاہور جلسہ ملکی تاریخ کا بڑا جلسہ ہو گا جس سے نوازشریف بھی خطاب کریں گے۔
رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اگلا پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا جس سے حکومت جھاگ کی طرح بہہ جائےگی۔ انہوں نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی نہیں قومی تحریک بن گئی ہے ،اناڑی اور نالائق حکومت کا جانا ضروری ہے، اگر ملتان کی طرح لاہور میں پکڑ دھکڑ شروع کی گئی تو پورا لاہور جلسہ گاہ بن جائے گا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ عمران خان سے نجات حاصل کرنے کےلیے ہوگا جب کہ جیسی کارروائی نواز شریف کےخلاف ہو رہی ہے کاش ایسی ان کے خلاف بھی ہو جن کے خلاف آرٹیکل 6 کا فیصلہ آیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف جماعت پی ڈی ایم کی جانب سے13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ابھی تک پی ڈی ایم نے لاہور جلسے کےلیے درخواست نہیں دی ہے، جب جلسے کی درخواست آئے گی تو حکومت اپنی حکمت عملی سامنے لائے گی۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمانوں کے پاس معلومات ہی نہیں ہوتیں، لاہور جلسے کےلیے درخواست دے چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button