15 فیصد اضافے کیساتھ 26 ارب سے زائد ٹیکس وصولی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو  نے جاری  مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 26 کھرب 88 ارب روپے جمع کیے جو کہ مقرر کردہ ہدف سے صرف 8 ارب روپے زیادہ ہیں جبکہ اسی دوران ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 دسمبر تک توسیع کر دی۔

ایف بی آر کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے عبوری اعداد و شمار کے مطابق محصولات کی وصولی میں 15 فیصد اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 23 کھرب 30 ارب روپے کے جمع کیے گئے تھے،نومبر میں 53 ارب 82کروڑ روپے جمع کیے جو کہ 53 ارب 70 کروڑ روپے کے متوقع ہدف سے زیادہ ہے، گزشتہ سال کے 480 ارب روپے کے مقابلے محصولات کی وصولی میں میں سالانہ 11.5 فیصد اضافہ ہوا۔

اعدادو شمار کے مطابق اکتوبر میں محصولات کی وصولی ہدف سے 17 فیصد کم رہی،جولائی سے نومبر کے دوران ہونے والا یہ اضافہ اس سے ہدف سے بہت کم ہے جس کا حکومت نے سالانہ بنیادوں پر عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ کیا تھا،ایف بی آر نے مالی سال کے 5 ماہ کے دوران 135 ارب روپے ریفنڈ کیے جو گزشتہ سال ادا کیے گئے 124 ارب روپے کے مقابلے میں 8.87 فیصد زیاد ہیں۔

رواں مالی سال کےابتدائی پانچ مہینوں کے لیے عبوری مجموعی محصولات کی وصولی 28 کھرب 23 ارب روپے ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران یہ وصولیاں 24 کھرب 54 ارب روپے رہی تھی،صرف انکم ٹیکس بقایا جات کی مد میں ایف بی آر نے 5 ماہ کے دوران 24ارب 17 کروڑ روپے جمع کیے جو کہ گزشتہ سال 11 ارب 69 کروڑ روپے جمع ہوئے تھے، رواں سال نومبر کے دوران 8ارب 98 کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے جب کہ گزشتہ سال کے اسی ماہ میں 6 ارب 65 کروڑ روپے جمع کیے گئے تھے۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق براہ راست ٹیکس کی وصولی میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ درآمدات میں کمی کی وجہ سے کسٹمز وصولی ہدف سے کم رہی، درآمدی مرحلے پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی وصولی میں بڑی کمی دیکھی گئی جس کی بنیادی وجہ غیر ضروری اشیا کی درآمد میں کمی ہے،اسٹیٹ بینک آف پاکستان 4 سے6 ہفتوں کی تاخیر سے لیٹر آف کریڈٹ کی منظوری دے رہا ہے، نومبر میں کسٹم ڈیوٹی کی وصولی ہدف سے کم از کم 10 ارب روپے کم رہی۔

ادھر گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ ٹیکس دہندگان موقع سے فائدہ اٹھائیں اور جلد از جلد اپنے گوشوارے جمع کرائیں۔پی ٹی آئی حکومت نے ٹیکس قوانین کی تعمیل کو بہتر بنانے کے لیے آخری تاریخ میں توسیع ختم کردی تھی۔

Back to top button