مقبوضہ کشمیر:بھارتی جارحیت جاری،3مزید نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنی بربریت جاری رکھتے ہوئے تازہ کارروائی میں مزید 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اسلام آباد میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے بہانے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے نوجوان نہتے تھے اور مقامی کالج میں پڑھتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا اور لاشوں کو سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔
ادھرمودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور وفاقی اکائی میں شامل کرنے کے بعد اب اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں بھی کرلیں تاکہ الیکشن میں اپنی جماعت کو بآسانی جیتوا سکیں۔
