اوورسیز کی ووٹنگ کے طریقہ میں تبدیلی کیخلاف دائر درخواست واپس

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کارمیں تبدیلی کے خلاف درخواست واپس لے لی گئی۔

عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے استفسار کیا کہ پچھلے الیکشن میں کیا اوورسیزپاکستانیوں نے پوسٹل بیلٹ سےووٹ کا حق استعمال نہیں کیا؟ کیا 7 ہزار پاکستانیوں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ نہیں کیے تھے؟

عدالت نے کہا کہ آئین کا احترام کرنا چاہیے، پارلیمنٹ نے اس معاملے کو دیکھنا ہے، ابھی تو پٹیشن قبل ازوقت ہے، صدرنے معاملہ واپس بھیج دیا ہے، جب ترمیم ہی نہیں ہوئی تو عدالت کیسے فرض کرسکتی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار عارف چوہدری سے کہا کہ عین ممکن ہے جو آپ کہہ رہے ہیں پارلیمنٹ اس پرنظرثانی کرلے، ابھی تو آپ نے بل کو چیلنج کیا ہے ترمیم تو ہوئی ہی نہیں، کیا یہ کورٹ پارلیمنٹ سے اختیارات واپس لے لے؟ جب ترمیم ہوجائے تو درخواست گزار درخواست فائل کرسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ امریکا میں 13 ریاستیں ہیں جو اوورسیز امریکیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیتیں۔

اسلام آباد کی عدالت عالیہ کے ریمارکس پر درخواست گزار نے کہا کہ میں فی الحال درخواست واپس لے رہا ہوں۔

Back to top button