پاک سعودی عرب دفاعی معاہدےکےبعد18رکنی کمیٹی تشکیل

وفاقی حکومت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد18رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی 18 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے یہ اعلی سطح کی کمیٹی قائم کی ہے، جو پاکستان سعودی عرب اقتصادی فریم ورک کے تحت بات چیت کی نگرانی کرے گی اس فیصلے کا اعلان تین اکتوبر کو ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے بعد کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق مسعود ملک اور نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کو کمیٹی کا شریک چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
ممبران میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احدچیمہ، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ توانائی اویس لغاری، وزیرِ خوراک رانا تنویر حسین، وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین اور دیگر شامل ہیں۔
کمیٹی کے مشترکہ چیئرمین سعودی ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے مرکزی ٹیمیں تشکیل دیں گے جو تیز رفتاری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گی جبکہ اراکین کی دستیابی 6 اکتوبر 2025 سے یقینی بنائی جائے گی۔
