بھارتی نژاد رشی سونک برطانیہ کے نئے وزیر اعظم بن گئے

شاہ چارلس سوم نے بھارتی نژاد رشی سونک کو برطانیہ کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔

بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہےکہ شاہ چارلس سوم نے رشی سونک کو برطانیہ کا نیا وزیراعظم مقررکردیا ہے۔42سالہ سابق وزیر خزانہ نے کنگ چارلس سے ملاقات کی جہاں انہوں نے نومنتخب رہنما کو حکومت بنانے کا کہا۔

Capture 6

رشی سوناک 2 ماہ کے دوران برطانیہ کے تیسرے وزیر اعظم بن گئے جنہیں سنگین ہوتے معاشی بحران، باہمی اختلافات کی شکار سیاسی جماعت اور ملک کو درپیش شدید تفریق اور تقسیم کے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم مقرر کیے جانے کے بعد ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر اپنے پہلے خطاب میں رشی سونک نے سابقہ وزیراعظم لزٹرس کو خراج تحسین پیش کیا۔

نومنتخب برطانوی وزیر اعظم نے کہا برطانیہ کو اس وقت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے جس وجہ سے انہیں وزیراعظم کے دفتر کے لیے چنا گیا ہے تاکہ وہ سابقہ حکومت کی غلطیوں کو سدھار سکیں،لز ٹرس نے تبدیلی کے لیے انتھک محنت کی لیکن ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں۔

رشی سونک نے کہا کہ وہ بورس جانسن کے بطور وزیراعظم لیے گئے زبردست اقدامات پر ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے، اب ان کی حکومت ہر سطح پر دیانتداری، پروفیشنلزام اور احتساب نظر آئے گا۔

Back to top button