20 ہزار کی اسکوٹر پر 42 ہزار کا چالان

بھارت میں 20 ہزار روپے کی اسکوٹر پر 42 ہزار 500 روپے کا چالان کاٹ دیا گیا۔ یہ واقع بھارت کی جنوبی ریاست کے دارالحکومت بنگلورو میں پیش آیا.
انوکھا واقعہ جمعے کو پیش آیا جہاں ایک سب انسپیکٹر نے ارون کمار نامی شخص کو متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 2 میٹر لمبا 42 ہزار 500 روپے کا چالان تھمادیا اور اس کا اسکوٹر بھی ضبط کرلیا گیا۔ بنگلورو کا رہائشی ارون کمار ٹریفک قوانین کی 77 بار خلاف ورزی کرنے کا مرتکب پایا گیاتھا البتہ ارون کمار نے جرمانہ ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمار نے یہ سیکنڈ ہینڈ اسکوٹر تقریباً 20 ہزار روپے میں خریدا تھا۔ چونکہ جرمانہ اسکوٹر کی قیمت سے دوگنا ہے لہذا اس نے اسکوٹر کے بغیر جانے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب ایک سینئر ٹریفک پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ یہ کیس عدالت میں چلاگیا ہے اور کمار کو اپنی اسکوٹر واپس لینے کے لیے چالان تو بھرنا پڑے گا۔ البتہ ایسا لگتا ہے کہ ایسا ہونے والا نہیں ہے۔
