امریکا اور سعودی عرب کےفضائی حملوں میں20عراقی فوجی ہلاک

امریکا اور سعودی عرب سے منسوب فضائی حملوں کے بعدعراقی پاپولر موبلائزیشن فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم 20 اہلکار ہلاک جبکہ 32 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاپولر موبلائزیشن فورسز، جو مختلف سابق نیم فوجی گروپوں پر مشتمل اتحاد ہے اور اب عراقی مسلح افواج کا حصہ ہے، اس نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے7مختلف صوبوں میں موجود اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پی ایم ایف کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے تحت حملوں میں 20 اہلکار جان سے گئے ہیں جبکہ 32 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ تنظیم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
عراقی سکیورٹی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور تازہ فضائی حملوں کے تناظر میں بلایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اجلاس کے بعد پیش رفت اور کیے گئے فیصلوں سے متعلق تفصیلی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
تاحال امریکا یا سعودی عرب کی جانب سے ان حملوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ حملوں کی آزاد ذرائع سے بھی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔
