2021 میں راہیں جُدا کرنے والے دنیا کے معروف جوڑے


سال 2021 میں دنیا کے کئی معروف جوڑوں نے اپنی راہیں جدا کیں جن میں سے کچھ ایسے تھے جن کے بارے میں تو شاید سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔ ان جوڑوں کی اچانک علیحدگی کی خبروں نے نہ صرف لوگوں کو حیران کر دیا، بلکہ سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر بھی ان کی جدائیاں ٹاپ ٹرینڈز بن گئے۔ آئیے جانتے ہیں کہ رواں برس کن جوڑوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کی۔
امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے بل گیٹس کی اپنی اہلیہ ملینڈا گیٹس سے شادی کے 27 سال بعد علیحدگی کے اعلان نے سب کو حیران کر کے رکھ دیا۔جوڑے نے مئی 2021 میں علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں نے شادی ختم کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔
 امریکی ریئلٹی ٹی وی سٹار کم کارڈیشیئن نے ریپر کانیے ویسٹ سے طلاق کے لیے فروری 2021 میں کیس کیا تھا۔ دونوں سات سال قبل مئی 2014 میں ازدواجی رشتے میں بندھے تھے لیکن سات برس بعد ایک دوسرے سے جدا ہو گئے۔
 پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار 28 سالہ زین ملک اور فلسطینی نژاد امریکی ماڈل 26 سالہ جی جی حدید کے درمیان علیحدگی کی خبریں اکتوبر 2021 میں گردش کرنا شروع ہوگئی تھیں اور بالآخر ان میں بھی جدائی پڑ گئی۔ ان دونوں کی ایک سال کی بیٹی بھی ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے ستمبر 2021 میں اعلان کیا تھا کہ تین سال بعد اب انہوں نے اپنی گرل فرینڈ اور کنیڈین گلوکارہ گرائمز سے علیحدگی اختیار کر لی پے۔ دونوں کا ایک سال کا بیٹا بھی ہے۔
معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز کی بیس بال کھلاڑی ایلکس روڈریگوی سے مارچ 2021 میں منگنی ٹوٹ گئی تھی۔ 51 سالہ امریکی گلوکارہ کی 45 سالہ بیس بال کے معروف کھلاڑی سے دو سال قبل منگنی ہوئی تھی۔  اس سے پہلے بھی جینیفر کی ایک شادی ناکام ہوئی تھی۔

Back to top button