عمران خان نے پارٹی ایم این ایز کا اجلاس 28 دسمبر کو طلب کر لیا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے پارٹی ایم این ایز کا اہم اجلاس 28 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان خیبر پختون خوا ہاؤس میں ارکانِ قومی اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی کے ہاؤس میں جمع ہونے کے بعد تمام ممبران پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریکِ انصاف کے ارکان استعفوں کے لیے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں گے، اس موقع پر غیر حاضر ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری پیشگوئی ہے کہ انتخابات مارچ یا اپریل میں ہو جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔

Back to top button