پاکستان کو مشکلات سے ہم ہی نکالیں گے

مسلم ن کے قائد اور  سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں لوگ بے حال ہوئے۔ پاکستان مشکلات سے باہر نکلے گاہم ہی نکالیں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ رانا ثنااللہ، مریم نواز اور دیگر رہنما مشاورت کر رہے تھے اور پاکستان کے حالات کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے،اللہ کرم کرے گا اور سب ٹھیک ہوگا، پاکستان مشکل سے باہر نکلے گا اور ہم نکالیں گے، یہ ممکن نہیں ہے پاکستان دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی پاکستان کی خدمت کی ہے اور لوگ جانتے ہیں، آج جو آدمی پاکستان کا یہ حشر کرکے گیا ہے، اس کے 4 سال کا میرے 4 سال کے ساتھ مقابلہ تو کریں، لوگ دیکھیں گے کہ ہمارے دور میں کیا حالات تھے، لوگ کتنے خوش حال تھے اور اس کے 4 برسوں میں لوگ کتنے بدحال ہوئے ہیں، ہم نے پاکستان کو مشکل سے نکالنے کے لیے یہ حکومت سنبھالی ہے، اس نے پاکستان کے جو حالات پیدا کردیے تھے، وہ تو ہم تباہی کے کنارے چلے گئے تھے، اس کے دور میں بتاچکا ہوں، گجرانوالا میں جلسے میں بتایا تھا کہ کون کس خرابی کا ذمہ دار ہے اور ہر بات کھول کر رکھ دی تھی۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے ملک کے ساتھ ستم ظریفیاں ہوئی ہیں، ظالمانہ سلوک کیا گیا ہے، اس کے بارے میں بتانا اور عوام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے اور اس کو ٹھیک کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے پورے پاکستان کو اپنی ذات کے گرد گھمایا ہے اور اس قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا ہے۔

دریں اثنا مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا لندن میں اہم اجلاس تقریباً 3 گھنٹے  تک جاری رہا۔پارٹی قائد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کا اجلاس حسین نواز کے دفتر میں جاری ہے، اجلاس میں مریم نواز، رانا ثنا اللہ، جاوید لطیف اور پرویز رشید شریک تھے۔

باخبرذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورت حال پر نواز شریف کو بریفنگ دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق بھی غور کیا گیا، نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق سینئر قیادت سے رائے طلب کی گئی، بذریعہ ویڈیو لنک اسحاق ڈار نےنواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔

Back to top button