پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن میں آر ٹی ایس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات میں آر ٹی ایس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دونوں صوبوں میں عام انتخابات، الیکشن 2018ء میں استعمال کردہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کے ذریعے کروائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آر ایم ایس کو موڈیفائی کرنے کے لیے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ بھی دے رکھا ہے، جس پر کمپنی آر ایم ایس کو موڈیفائی کر کے 2 ماہ تک الیکشن کمیشن کے حوالے کرے گی۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا موڈیفائیڈ آر ایم ایس ضمنی انتخاب میں تجربہ کیے بغیر کسی بھی الیکشن میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ صوبوں کے عام انتخابات پرانے آر ایم ایس ہی پر کروائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے قبل پرانے آر ایم ایس کی ریہرسل کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صوبوں کے الیکشن سے قبل پرانے آر ایم ایس پر ایک دن کی موک ایکسرسائز بھی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ملازمین کو آر ایم ایس کے استعمال کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا۔

Back to top button